عام خواتین سروائیکل یا سرویکس کینسر سے متعلق پریشان دکھائی دیتی ہیں کہ وہ کس لیے ہوتی ہے اور اس کی ابتدائی علامات کیا ہوتی ہیں؟
طبی ویب سائٹ مایوکلینک کے مطابق سروائیکل کینسر دراصل بچے دانی اور اندام نہانی کے سنگم پر ہونے والی بیماری ہے۔ اسے بعض مرتبہ سرویکس کینسر بھی کہا جاتا ہے، کیوں کہ سرویکس بچہ دانی کے روٹ کینال یا منہ کے کہتے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق سروائیکل کینسر اس وقت بنتا ہے جب کہ بچہ دانی اور اندام نہانی کے قریب بعض غیر معمولی سیلز کی افزائش ہوتی ہے جو بعد ازاں کینسر میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔
یہاں عام افراد کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر بچہ دانی اور اندام نہانی کے سنگم پر غیر معمولی سیلز کی افزائش کیوں اور کیسے ہوتی ہے؟ اس کا جواب کوئی ایک نہیں ہے بلکہ ایسے سیلز بننے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں۔
بعض مرتبہ اندرونی انفیکشنز کی وجہ سے بھی غیر معمولی سیلز کی افزائش ہوسکتی ہے جب کہ بعض مرتبہ جنسی تعلق کے درمیان منتقل ہونے والے ہیومن پپلوما وائرس (ایچ پی وی) (human papillomavirus) سے بھی سیلز کی افزائش ہوسکتی ہے۔
ایک اور طبی ویب سائٹ کے مطابق اگرچہ جنسی تعلق کے ذریعے خاتون میں منتقل ہونے والے وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے اینٹی باڈیز موجود ہوتی ہیں جو کئی سال تک اس وائرس کا مقابلہ بھی کرتی ہیں لیکن بلآخر کبھی کبھار وائرس فتح یاب ہوجاتا ہے جو وہاں سیلز کی غیرمعمولی افزائش کا سبب بنتا ہے، جس سے کینسر ہوجاتا ہے۔
سروائیکل کینسر کی عام علامات میں جنسی تعلق کے درمیان خاتون کو درد اور بعض مرتبہ شدید درد کی شکایات کے علاوہ ایک ماہواری کے اختتام کے بعد دوسری ماہواری شروع ہونے سے قبل غیر معمولی خون کا اخراج شامل ہیں۔
اندام نہانی سے خراب مادے، پانی اور خون کا اخراج بھی اس کی ابتدائی علامات میں شامل ہے جب کہ خاتون کو جنسی عمل کے بعد کمر اور جسم کے نچلے حصے میں درد کی شکایت رہنا بھی شامل ہے۔
تاہم مذکورہ تمام علامات دیگر مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہیں لیکن ایسی علامات کے بعد خاتون کو گائناکالوجسٹ (ماہر امراض نسواں) کے پاس جانا چاہئیے۔
سروائیکل کینسر کے ٹیسٹ کے لیے ’پیپ سمیئر ٹیسٹ‘ (pap smear) کیا جاتا ہے، جس سے آغاز میں ہی مذکورہ کینسر کی تشخیص ہوجاتی ہے۔