کراچی: اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر ممکنہ طور پر آئندہ برس مارچ میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، عوام میں مقبول اس رومانوی جوڑے نے اپنی زندگی کے سب سے اہم ایونٹ کے لیے تاریخی اسلامی ملک ترکی کا انتخاب کیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین پاکستانی ڈراموں کی مقبول ترین رومانوی جوڑی اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کی شادی کے اعلان کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں، یقین کا سفر اور آنگن میں رومانوی جوڑی کی شاندار اداکاری اتنی مقبول ہوئی کہ مداح حقیقی دنیا میں بھی جوڑے کے ایک ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے۔ عمومی طور پر فلموں اور ڈراموں میں مقبول ہوجانے والی جوڑیوں کے بارے میں ایسی خواہش کا اظہار کیا جاتا ہے۔ محمد علی و زیبا اور قیصر خان نظامانی و فضیلہ قاضی اس کی عملی مثال ہیں۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈراموں آنگن اور یقین کا سفر میں دونوں اداکار نے محبت کے ’آنگن‘ میں ’یقین کے سفر‘ کا اعتماد پالیا تھا جس کے بعد سجل علی اور احد رضا میر نے رواں برس جون میں منگنی کا اعلان کرکے مداحوں کے دل جیت لیے تھے اور اب ان کے چاہنے والے دونوں کی شادی کے لیے بے تاب ہوئے جاتے ہیں۔ جس کے باعث سوشل میڈیا پر دونوں کی مارچ 2020 میں شادی کی خبریں زیر گردش ہیں۔
اس حوالے سے ایک ویب سائٹ پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ سجل علی اور احد رضا میر نہ صرف مارچ 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں بلکہ دونوں نے شادی کے مقام کےلیے تاریخ اسلام کے تاریخی شہر ترکی کا انتخاب کیا ہے، تقریب میں اہل خانہ کے علاوہ شوبز سے تعلق رکھنے والی ہستیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر ہمہ وقت متحرک رہنے والے سجل علی اور احد رضا میر نے ان خبروں کی نہ تو تردید کی ہے اور نہ ہی تصدیق کی ہے۔