ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سجاد علی کے نئے گانے نے سامعین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔
سجاد علی کے نئے گانے ’راوی‘ نے ایک دن میں ہی دھوم مچادی، انٹرنیٹ پر گانا سننے اور دیکھنے والوں نے سجاد علی کے اس گانے کو بھی پسندید گی کی سند دے دی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر سجاد علی کے آفیشل پیج اور یوٹیوب پر پر گزشتہ روز گانا ریلیز کیا گیا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے موسیقی سے دلچسپی رکھنے والوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔
پنجابی زبان میں گایا گیا یہ گانا دراصل ان لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے جو روزگار کے سلسلے میں اپنے گھروں سے دور پردیس میں رہنے پر مجبور ہیں۔
سجاد علی نے اپنا یہ گانا ان لوگوں کے نام کیا ہے جو اپنے گھر والوں اور دوستوں کو یاد کرتے ہیں، اپنے بچن کے دن، اپنی زبان کی خوبصورتی، ثقافت اور ہر اس چیز کی یادوں میں جکڑے ہوئے ہیں جو انہیں ان کی علیحدہ پہچان دیتی ہے۔
اس گانے میں سجاد علی نے اپنی سریلی آواز کا جادو تو جگایا ہی ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس کی شاعری اور کمپوزیشن کے فرائض بھی خود ہی انجام دیے ہیں۔
خیال رہے کہ سجاد علی 90 کی دہائی سے اب تک اپنے منفرد کام کی وجہ سے علیحدہ مقام بنائے ہوئے ہیں اور گاہے بگاہے پاپ اور کلاسک گائیگی پسند کرنے والے دونوں ہی طبقوں کی داد وصول کرتے رہتے ہیں۔