کراچی: معروف گلوکار سجاد علی نے کورونا وائرس کی وجہ سے موسیقی کی تقریبات پر بندش سے مایوس مداحوں کو آئن لائن میوزیکل کنسرٹ کرنے کی خوش خبری سنائی ہے۔
موسیقی کی دنیا کے نامور گلوکار سجاد علی سے کون واقف نہیں، اُنہوں نے لڑکپن سے ہی اپنا ایک الگ مقام بنایا، اُن کے نغمے زبان زد عام ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی اُن کی فالونگ کافی زیادہ ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں اجتماعات اور ثقافتی تقریبات پر پابندی عائد ہے، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں جس پر سجاد علی نے بوریت کے شکار کے اپنے مداحوں کو خوش خبری سنائی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں سجاد علی نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد آن لائن میوزیکل کنسرٹ کریں گے جسے مداح گھر پر بیٹھے ہی سوشل میڈیا پر دیکھ سکیں گے۔
سجاد علی نے اسپانسرز کو آن لائن کنسرٹ میں حصہ ڈالنے کا مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ آئیں موسیقی کی دنیا میں انقلاب لائیں، چھوٹی تقریبات، کوآپریٹو اینڈز اور کمرشل کنسرٹ بھی آن لائن ہوسکتے ہیں۔
سجاد علی نے اس موقع پر مداحوں کو ہیش ٹیگ سجاد علی کے ذریعے گانے سننے کی فرمائش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی فرمائش بھیجیں۔اگر آپ بھی اپنا پسندیدہ گانا سجاد علی کی آواز میں سننا چاہتے ہیں تو موقع سے فائدہ اُٹھالیں۔