ساوتھ ایشین گیمز میں ڈوپنگ کرنے والے تین پاکستانی ایتھلیٹس پر 4،4 سال کی پابندی لگادی گئی۔
ذرائع کے مطابق انتظامی کمیٹی اور واڈا کی جانب سے پاکستانی ایتھلیٹکس حکام سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو محبوب علی، محمد نعیم اور سمیع اللہ پر 4،4 سال کے لیے ایتھلیٹکس کی کسی بھی قسم کی سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی سے مطلع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایتھلیٹکس فیڈریشن حکام کی جانب سے ابھی اس پابندی کا باضابطہ اعلان سامنے آنا باقی ہے۔
واضح رہے محبوب اور محمد نعیم نے گولڈمیڈلز جیتے تھے جب کہ سمیع اللہ برانز میڈل پانے میں کامیاب ہوئے تھے، محبوب علی اور نعیم نے ریلے ریسز ٹیم کا حصہ بن کر برانز میڈل جیتے تھے، پابندی لگنے کے بعد ان ایتھلیٹس سے تمام میڈلز واپس لے لیے گئے ہیں۔