سام سنگ دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی ہے اور پاکستان میں بھی اس کی ڈیوائسز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔
سام سنگ نے گزشتہ ہفتے پاکستان میں 4 اسمارٹ فونز گلیکسی اے 51، گلیکسی اے 11، گلیکسی اے 10 ایس اور گلیکسی ایم 11 کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔
اب ٹوئٹر پر سام سنگ کی جانب مزید 3 گلیکسی فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس بار سام سنگ کی جانب سے گلیکسی اے 31، گلیکسی اے 21 ایس اور گلیکسی اے 01 کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی اے 51 کے 6 جی بی اور 8 جی بی ریم والے ماڈلز کی قیمتوں میں 3 ہزار روپے کمی کی گئی تھی۔
اس کمی کے بعد گلیکسی اے 51 کے کے 6 جی بی ریم والا ورژن اب 53 ہزار 999 روپے کی بجائے 49 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ 8 جی بی ریم والے ماڈل کی قیمت 57 ہزار 999 روپے کی بجائے 54 ہزار 999 روپے کردی گئی۔
اسی طرح گلیکسی اے 11 کی قیمت میں 2 ہزار روپے کمی کی گئی اور اب یہ 20 ہزار 999 روپے کی بجائے 18 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔
گلیکسی اے 10 ایس کی قیمت 3 ہزار روپے کمی سے اب 19 ہزار 999 روپے کی بجائے 16 ہزار 999 روپے ہوگئی ہے۔
گلیکسی ایم 11 کی قیمت میں بھی 3 ہزار روپے کمی کی گئی اور اب یہ 27 ہزار 999 روپے کی بجائے 24 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔
گلیکسی اے 31
سام سنگ کی جانب سے یہ فون پاکستان میں جون میں متعارف کرایا گیا تھا، جب اس کی قیمت 41 ہزار 999 روپے رکھی گئی تھی۔
تاہم اب کمپنی نے اس کی قیمت 5 ہزار روپے کی کمی کی ہے اور اب یہ 41 ہزار 999 روپے کی بجائے 36 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔
گلیکسی اے 31 میں 6.4 انچ فل ایچ ڈی ڈسپلے نوچ ڈیزائن کے ساتھ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 2 گیگا ہرٹز اوکٹا کور پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس کو ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے۔
فون کی ایک خاص بات اس کی 5000 ایم اے ایچ بیٹری ہے جس کے ساتھ 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
اس فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگاپکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 5 میگا پکسل ڈیپتھ، 8 الٹرا وائیڈ اور 5 میگا پکسل میکرو کیمرا بھی موجود ہے اور فون کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل سیلفی کیمرا رین ڈراپ نوچ میں دیا گیا ہے۔
گلیکسی اے 21 ایس
سام سنگ کے اس فون کی قیمت میں ساڑھے 3 ہزار روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد یہ 33 ہزار 500 روپے کی بجائے 29 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔
اس فون میں 6.5 انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اوکٹا کور پراسیسر موجود ہے۔
اس فون میں 3 سے 6 جی بی ریم اور 32 سے 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
5000 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔
اس کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر اور 2 میگا پکسل میکرو لینس دیا گیا ہے، فرنٹ پر 13 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں موجود ہے۔
گلیکسی اے 01
یہ سام سنگ کا انٹری لیول فون ہے جو اب 17 سو روپے کمی کے بعد 17 ہزار 700 روپے کی بجائے 15 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔
اس فون میں 5.7 انچ کا پی ایل ایس ٹی ایف ٹی ڈسپلے دیا گیا ہے جس کے ساتھ 2 جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
کوالکوم اسنیپ ڈراگون 439 پراسیسر، 3000 ایم اے ای بیٹری اور اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یو آئی 2 سے کیا ہے۔
فون کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جو 13 میگا پکسل پرائمری اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمروں پر مشتمل ہے جبکہ فرنٹ پر واٹر ڈراپ نوچ ڈیزائن میں 5 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔