سام سنگ کا سب سے سستا 5 جی فون پیش


سام سنگ نے اپنا سب سے ‘سستا’ 5 جی اسمارٹ فون گلیکسی اے 42 متعارف کرادیا ہے۔

سام سنگ نے ستمبر میں اس فون کا اعلان کیا تھا جسے کمپنی نے اپنا سب سے سستا 5 جی فون قرار دیا ، اس موقع پر فونن کی تصاویر اور چند تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ صارفین کو جلد دستیاب ہوگا۔

اب اس فون کو باقاعدہ طور پر پیش کردیا گیا ہے، جس کی قیمت اور دستیابی کی تاریخ کا اعلان بھی کیا گیا۔

گلیکسی اے 42 فائیو جی میں 6.6 انچ کا سپر امولیڈ ڈسپلے ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ فنگر پرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہے۔

فون کے اندر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 750 جی پراسیسر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 4، 6 اور 8 جی بی ریم جبکہ 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

فون کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل سیلفی کیمرا واٹر ڈراپ نوچ میں دیا گیا ہے۔

اسی طرح بیک پر 4 کیمرے دیئے گئے ہیں جن میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے، جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل سنسر، 5 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر اور 5 میگا پکسل میکرو سنسر دیا گیا ہے۔

یہ فون سب سے پہلے 6 نومبر کو برطانیہ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت 349 پاؤنڈز (74 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے، جبکہ یورپ کے دیگر حصوں میں یہ نومبر کے آخر تک دستیاب ہوگا۔

اس سے قبل جنوبی کورین کمپنی کا سب سے سستا فائیو جی فون گلیکسی اے 51 تھا جس کی قیمت 499 ڈالرز (81 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں