سام سنگ پاکستان میں پہلا موبائل فون پلانٹ قائم کرے گی، وفاقی وزیر حماد اظہر


 اسلام آباد: وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے پاکستان میں پہلے موبائل فونز اسمبلنگ پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے سام سنگ پاکستان کے ایم ڈی اور سی ای او سے ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے لکھا کہ اسمارٹ فون کی پاکستان میں تیاری کے سلسلے میں ڈیوائس کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (DIRBS)  اور موبائل پالیسی وضع کرلی گئی ہے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے مزید لکھا کہ سام سنگ کے اعلیٰ حکام نے حکومتی پالیسی اور اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اپنے اسمارٹ فون اسمبلنگ پلانٹ کے قیام کے عمل کو تیز تر کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

قبل ازیں ہواوے، نوکیا اور سام سنگ کے اعلیٰ حکام نے 30 جنوری کو ایف بی آر، پی ٹی اے اور انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان میں اپنے پلانٹس لگانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ پاکستان میں موبائل فون کی تیاری سے قیمتیں گرنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان کی پہلی موبائل فون پالیسی کی منظوری دی تھی، یہ منظوری پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے انٹرنیٹ آلے کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ کے نظام (DIRBS) کو متعارف کرانے کے بعد دی گئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں