پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے سال کے پہلے روز کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 2210 پوائنٹس اضافے کے بعد 64 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ہے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 2210 پوائنٹس یا 3.54 فیصد اضافے کے بعد 64 ہزار 661 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جو آخری کاروباری روز 62 ہزار 451 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
انٹربینک مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ میں آج انرجی کے حصص کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا ہے، کیونکہ حکام گردشی قرضے کے مسائل کو حل کرنے کے بارے میں سنجیدہ نظر آتے ہیں۔
دوسری جانب، ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے آج کی تیزی کو آزاد پاور پروڈیسرز (آئی پی پیز) کو فنڈز جاری کرنے کی وجہ قرار دیا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق ایک روز میں تاریخی طور پر یہ دوسرا بڑا اضافہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 2023 پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے اچھا سال ثابت ہوا، جس کے آغاز کے ساتھ اختتام بھی مثبت رجحان پر ختم ہوا تھا۔
2 جنوری 2023 بروز پیر کے ایس ای-100 انڈیکس 40 ہزار 420 پوائنٹس پر تھا، جو کاروبار کے اختتام تک 395.45 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 815 پر پہنچ گیا تھا۔
سال 2023 کے آخری کاروباری روز انڈیکس 62 ہزار 451 کی سطح پر بند ہوا تھا، اس طرح گزشتہ برس بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 22 ہزار 31 پوائنٹس یا 54.50 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
جبکہ سال 2022 پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے دباؤ سے بھرپورسال ثابت ہوا تھا، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 2021 کے مقابلے میں 9.4 فیصد کمی کے بعد 40 ہزار 420 پوائنٹس کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا تھا۔