سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کی زندگی پر مبنی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار کا نام سامنے آگیا ہے۔
سارو گنگولی نے2021ء میں اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی خبر کی تصدیق کی تھی۔
اُنہوں نے بتایا تھا کہ فلم ہندی زبان میں بنائی جائے گی لیکن فلم کا نام اور دیگر تفصیلات تاحال واضح نہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، سارو گنگولی کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکار رنبیر کپورمرکزی کردار میں نظر آئیں گے اور جلد ہی اس فلم کی شوٹنگ کولکتہ میں شروع ہونے والی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس فلم کی کہانی بھارتی کرکٹر کی ذاتی زندگی سے لے کر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پھر بی سی سی آئی کے صدر بننے تک کے سفر پر مشتمل ہوگی۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا پر یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ رہتک روشن یا سدھارتھ ملہوترا میں سے کسی ایک اداکار کو فلم میں سارو گنگولی کے کردار کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ابھی تک فلم کی کاسٹ کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
اس سے قبل سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی اور کپل دیو کی زندگی پر بھی فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔
ایم ایس دھونی کا کردار آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت جبکہ کپل دیو کا کردار اداکار رنویر سنگھ نے ادا کیا تھا۔