بھارت میں خواتین سے زیادتی کے بڑھتے واقعات پر اظہارِ فکر کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کے نام ایک خط لکھ کر انہیں مشورہ دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے خط میں مودی کو مشورہ دیا کہ ایسا قانون بنایا جائے جس میں زیادتی کے جرائم میں گرفتار ملزمان کو 15دن کے اندر سخت سزا مل سکے۔
کلکتہ کے آر جی کر میڈیکل کالج میں ٹرینی ڈاکٹر کا زیادتی کے بعد قتل اور احتجاج کے درمیان ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ ”میں آپ کے توجہ میں لانا چاہتی ہوں کہ ملک بھر میں عصمت دری کے واقعات لگاتار بڑھ رہے ہیں اور دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کئی معاملوں میں عصمت دری کے ساتھ قتل بھی کیا جاتا ہے۔
خط میں اُن کا کہنا تھا کہ یہ دیکھنا خوفناک ہے کہ ملک بھر میں روزانہ تقریباً 90 زیادتی کے واقعات پیش آتے ہیں۔ اس سے سماج اور ملک کا بھروسہ اور شعور ڈگمگاتا ہے۔ ہم سبھی کی یہ ذمہ داری ہے کہ اس جرم کا خاتمہ کیا جائے تاکہ خواتین کو تحفظ کو احساس ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بہیمانہ جرائم میں شامل ملزمان کے خلاف سخت سزا کا مرکزی قانون بنایا جائے۔ فوری انصاف یقینی بنانے کے لیے ایسے معاملوں میں فوراً سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک خصوصی عدالتوں کے قیام پر بھی مجوزہ قانون میں غور کیا جانا چاہیے۔ اس طرح کے کیسز میں سماعت 15 دنوں کے اندر پوری کی جانی چاہیے۔
’ایکس‘ ہینڈل پر ابھشیک بنرجی کا کہنا تھا کہ جب پورا ملک ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ پیش آئے زیادتی کے واقعے پر احتجاج کررہا ہے، اسی مدت کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں 900 زیادتی کے واقعات درج کئے گئے ہیں۔
ابھشیک بنرجی کا ایکس ہینڈل پر مزید کہنا تھا کہ مستقل حل سے متعلق اب بھی وسیع پیمانے پر کچھ نہیں ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ روزانہ 90 عصمت دری کے کیسز، ہر گھنٹے 4 اور 15 منٹ میں 1، ایسے میں نتیجہ خیز کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔