اسلام آباد:
وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریاست کوچاہیئے کہ تمام امام مساجد کو گریڈ 14 سے 16 تک نوکریاں دے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 15ویں روزے تک قمری کیلنڈر بن جائے گا اور ایک ویب سائٹ بھی بنارہے ہیں جس پر کلک کر کے چاند بھی دیکھا جا سکے گا تاہم یہ فیصلہ شہریوں کو کرنا ہے کہ وہ جدید سمت پر چلنا چاہتے ہیں یا روایتی طریقے پر ہی چلنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت، (ن) لیگ اور مولانا فضل الرحمان سے کوئی اختلاف نہیں وہ کہتے ہیں این آر او ہم کہتے ہیں نہ رو، اپوزیشن چاہتی ہے ان کے خلاف کیس نہ چلائے جائیں لیکن لوٹا ہوا پیسہ کسی کے باپ کا نہیں جو چھوڑ دیں، مگر مچھ کے آنسو دیکھنے ہوں تو بلاول ،خواجہ آصف کے بیان دیکھیں، ان میں اخلاقی اقدار ہوتیں تو یہ 4،3 سال معیشت پر بات ہی نہ کرتے، ایسے ٹسوے بہا رہے ہیں کہ جیسے پاکستان کی معیشت سے کوئی تعلق نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشیت کا جوحال ہے وہ اپوزیشن نے ہی کیا، ہمیں معیشت نیچے ملی اس کو اوپر لے کر جائیں گے، ہمارا چیلنج گورننس اور معیشت کا ہے، معیشت کو پاؤں پر کھڑا کریں گے جب کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے میں چند دن لگیں گے۔
اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ایک بہت چھوٹے گروپ کیلئے وسائل مختص کرنے کے بجائے ریاست کوچاہیئے کہ تمام مساجد میں امام مساجد کوگریڈ 14 تا 16 نوکریاں دے، اس سے مخصوص ٹولے کی اجارہ داریبھی ختم ہوگی اورایک ڈسپلن بھی آئے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبائی وزراء اعلیٰ کواپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی کفایت مہم کے بعد آج پارلیمنٹیرینز اور وزراءکی تنخواہیں بہت کم ہیں اور انٹرٹینمنٹ الاؤنسزبھی مکمل ختم کئے جا چکے ہیں