’ریاست اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے‘، صدر، وزیراعظم کا قومی دن پر پیغام

’ریاست اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے‘، صدر، وزیراعظم کا قومی دن پر پیغام


صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ ریاست اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

حکومت پاکستان نے 2009 میں 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن قرار دیا تھا، 11 اگست 1947 کو قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک تاریخی تقریر تھی جس میں انہوں نے مملکت خداداد میں اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کا وعدہ کیا تھا جب کہ صدر مملکت آصف زرداری نے بھی آج جاری اپنے بیان میں اس عہد کو برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

آصف زرداری نے اپنے پیغام میں ملک کی تمام اقلیتی برادریوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ریاست اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی آئین نے ضمانت دی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کریں اور پاکستان کو ایک مستحکم ملک بنانے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں۔

آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں واضح کیا حکومت آئین کی روشنی میں اقلیتی برادری کے لیے مساوی حقوق یقینی بنارہی ہے۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کومذہبی،معاشرتی، سماجی آزادی حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں مذہب، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برا بر ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیغام دیا کہ سندھ صوفیوں کی سر زمین ہے، یہاں اقلیتیں سب سے زیادہ محفوظ ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پیغام میں پاکستان میں آباد مذہبی اقلیتوں کی گراں قدر خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔

وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقلیتی نمائندوں کی مشاورت سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

وزیر اقلیتی امور رامیش سنگھ اروڑا کا نے ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں واضح کیا کہ اقلیتوں کے تحفظ کےلیے رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا اسلام اور ہمارا آئین ہمیں سب کے ساتھ برابری کا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد اقلیتی برادری کے رہائش پذیر ہیں جنہیں پاکستان کے آئین کے مطابق سیاسی، معاشی اور معاشرتی سمیت تمام حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب بھی ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، 11 اگست 1947کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی یادگار تقریر میں کہا تھا، آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کےلیے آزاد ہیں۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن ہم قائداعظم محمد علی جناح کے گیارہ اگست 1947 کو اقلیتوں سے ان کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے بارے میں کیے گئے، وعدے پر عملدرآمد کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں