روڈ پرمٹ فیس میں اضافے کیخلاف ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال


کراچی: 

روڈ پرمٹ فیسوں میں اضافے کے خلاف اور ایکسل لوڈ قانون کی بحالی کے لیے گڈز ٹرانسپورٹرآج (پیر) سے غیر معینہ مدت کے لیے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کر رہے ہیں۔ ہاکس بے ٹرک اڈہ پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا جبکہ کاٹھور پر سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کردی گئی ہیں۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کے ترجمان امداد حسین نقوی کے مطابق ٹرانسپورٹرز کا بنیادی مطالبہ یہ ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق پورے ملک میں ایکسل لوڈ لمٹ فی الفور نافذ کیا جائے کیوں کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کسی صورت اوور لوڈنگ نہیں چاہتے لیکن وفاقی حکومت ایکسل لوڈ لمٹ کو موخر کرکے ٹرانسپورٹرز کو اوور لوڈنگ پر مجبور کر رہی ہے۔

امداد حسین کے مطابق ہڑتال کے دوران کراچی میں ہاکس بے ٹرک اڈہ پر احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا اور ملک بھر کی ہائی ویز پر گاڑیاں سڑکوں کے کنارے کھڑی کردی گئیں، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے پہیہ کسی صورت نہیں چلے گا۔

گڈز ٹرانسپورٹر رہنما عباس آفریدی کے مطابق پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں لوڈ کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے اور اس اقدام کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اضافی لوڈ کی وجہ سے ایکسیڈنٹ کی شرح بڑھ گئی جس میں انتہائی قیمتی جانیں ضائع اور اثاثے تباہ ہوجاتے ہیں، اضافی لوڈ کی وجہ سے 70 برس میں تعمیر ہونے والے روڈ انفرا اسٹرکچر کو تاراج کیا جارہا ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال میں اے سی اور نان اے سی بسوں کی تنظیمیں بھی شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں