روس کورونا وائرس سے متلعق جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے: امریکا کا الزام


امریکی حکام نے روس پر چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے کا  الزام عائد کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق  امریکی حکام نے کہا ہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے مشترکہ مہم شروع کی جس کا مقصد یہ ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق دنیا میں تشویش پھیلائی جائے۔

 امریکی حکام کے مطابق روسی مہم کی وجہ سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے تیسری ہلاکت کی تصدیق کے بعد سے ہی جھوٹی معلومات پھیلانے کی مہم کی مانیٹرنگ کا آغاز  کر دیا تھا۔

اس حوالے سے امریکا کے محکمہ گلوبل انگیجمنٹ کے سربراہ لی گیبریل نے کہا کہ ہم نے روس کے تمام عوامی پلیٹ فارمز سے جھوٹی معلومات کو آگے پھیلاتے ہوئے دیکھا جس میں اسٹیٹ ٹی وی، پروکسی ویب سائٹس اور جھوٹی معلومات پھیلانے والے ہزاروں سوشل میڈیا پرسنز شامل تھے۔

دوسری جانب روس نے  وائرس سے متعلق جھوٹی معلومات پھیلانے کے امریکی  الزامات   کی سختی سے تردید کی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زکارووا کا کہنا ہے کہ امریکا نے جان بوجھ کرجھوٹی کہانی گھڑی ہے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 کے آخر سے اب تک چین میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2345 ہو گئی ہے جب کہ دیگر ممالک میں اموات کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں