ماسکو: روس اور کریمیا کی سرحد کے قریب بحر اسود میں کیرچ اسٹریٹ (Kerch Strait) کے علاقے میں 2 کارگو جہازوں میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک جبکہ 5 لاپتہ ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مائیسٹرو اور کینڈی نامی دونوں جہاز تنزانیا کے گیس ٹینکر تھے، جن میں 31 افراد سوار تھے۔ ان میں سے 16 کا تعلق ترکی جبکہ 15 کا بھارت سے تھا۔
ذرائع کے مطابق سمندر میں طوفان کے باعث حادثہ پیش آیا۔
روسی میڈیا کے مطابق ایک جہاز کی دوسرے کو ٹکر کے باعث دھماکا ہوا اور لوگوں نے آتشزدگی سے بچنے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔
روسی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق آگ، ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں منتقل ہوگئی۔
دوسری جانب فیڈرل ایجنسی فار دی سی اینڈ ریور ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ آگ اُس وقت لگی جب فیول کو ایک ٹینکر سے دوسرے ٹینکر میں پمپ کیا جارہا تھا۔
ریسکیو اداروں نے 12 افراد کو زندہ بچا لیا جبکہ سمندر سے 11 لاشیں نکال لی گئیں، 3 دیگر لاشوں کی بھی نشاندہی ہوچکی ہے لیکن انہیں نکالا نہیں جاسکا۔
دوسری جانب 5 لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔