ماسکو: روس کے ایک ہوٹل میں گرم پانی کی بڑی پائپ لائن پھٹنے سے کھولتا ہوا پانی سیلاب کی صورت کمروں میں داخل ہوگیا جس میں جھلس کر 5 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے شہر پیرم میں واقع ہوٹل کیریمیل میں گرم پانی کی لائن پھٹ گئی جس سے کھولتا ہوا پانی بیسمنٹ (زیر زمین منزل) کے کمروں میں سیلابی صورت میں داخل ہوگیا، یہ سب اتنا اچانک ہوا کہ کمروں میں ٹھہرے ہوئے لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔
ہوٹل کے کمروں میں قیام پذیر افراد کھولتے ہوئے پانی میں ڈوب گئے، کمروں سے پانی کو پمپ کے ذریعے نکالا تو 5 افراد کی بری طرح جھلسی ہوئی لاشیں ملیں جن میں سے ایک لاش بچے کی تھی۔ 3 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے خاتون کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
امدادی کاموں کے درمیان 4 اہلکار بھی کھولتے ہوئے پانی کی زد میں آکر جھلس گئے جنہیں طبی امداد کی فراہمی کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ پولیس نے غفلت برتنے اور ناکافی حفاظتی انتظامات ہونے کی وجہ سے ہوٹل انتظامیہ کیخلاف مقمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔