روبینہ اشرف فٹ رہنے کیلئے کیا کرتی ہیں؟ اداکارہ کا انکشاف

روبینہ اشرف فٹ رہنے کیلئے کیا کرتی ہیں؟ اداکارہ کا انکشاف


64 سالہ پاکستانی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے اپنی فٹنس میں چھپے راز سے پردہ اٹھایا ہے۔

انڈسٹری میں 40 سال گزارنے کے باوجود آج بھی جواں نظر آنے والی روبینہ اشرف نے ہفتے کی شب جیو نیوز کے کامیڈی شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔

انہوں نے شو کے دوران ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھنے اور کریئر کے آغاز سے متعلق بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں دوستوں کے ساتھ ڈرامہ دیکھنے گئی تھی، میری دوست نے آڈیشن بھی دینا تھا، ہم سب کو آڈیشن کے لیے کہا گیا، میں نے بھی آڈیشن دیا اور مجھے اداکاری کے لیے منتخب کر لیا گیا، میں اُن دنوں یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔

شو کے دوران اداکارہ نے بیگمات کو خوش رکھنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مردوں کو مشورہ بھی دیا۔

پسند کی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر روبینہ اشرف نے کہا کہ میں ڈراموں میں پسند کی شادی کے خلاف نظر آتی ہوں مگر حقیقت میں، میں سمجھتی ہوں کہ شادی پسند کی ہی کرنی چاہیے، والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کی شادی اُن کی پسند کی ہی کریں۔

روبینہ اشرف نے آڈئنس میں بیٹھے ایک مداح کے سوال کے جواب میں اپنی فٹنس سے متعلق بھی بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں خود بھی نہیں جانتی کہ میں اتنی فٹ کیسے ہوں، یہ میری جین میں ہے کہ میں اس عمر میں بھی فٹ ہوں، ہم فنکاروں کو ٹی وی پر بھی دِکھنا ہوتا ہے تو اس لیے ہمیں فٹ رہنے کے لیے کچھ محنت بھی کرنی پڑتی ہے، ہم فٹ رہنے کے لیے محنت کرتے ہیں۔

اداکارہ نے شو کے دوران فٹ رہنے کے پیچھے چھپی محنت اور طریقوں پر بات کرنے سے گریز کیا۔

روبینہ اشرف نے اداکاری چھوڑنے کے بعد کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اداکاری چھوڑنے کے بعد واپس پولیس میں ہی چلی جاؤں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں