اسلام آباد: گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ (جولائی تا نومبر) میں پاکستان کا غیر ملکی قرضہ تقریباً 45 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 4 ارب 50 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا ہے۔
وزارت اقتصادی امور کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ پانچ ماہ میں لئے گئے قرضوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت (یکم جولائی 2018 سے) مجموعی طور پر 23 ارب 60 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کرچکی ہے۔
وزارت کا کہنا تھا کہ ‘مالی سال 2020-21 کے جولائی تا نومبر کے دوران حکومت کو متعدد فنانسنگ ذرائع سے 4 ارب 49 کروڑ ڈالر کی بیرونی آمدنی موصول ہوئی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پورے مالی سال 2020-21 کے لیے 12 ارب 23 کروڑ ڈالر کے سالانہ بجٹ کے تخمینے کا 37 فیصد تھا۔
مالی سال 2019۔20 کے اسی عرصے میں بیرونی آمدنی 3 ارب 10 کروڑ رہی تھی جو سالانہ بجٹ کے تخمینے کا 24 فیصد 12 ارب 95 کروڑ ڈالر تھی۔
گزشتہ ہفتے وزارت نے اطلاع دی تھی کہ پاکستان کو مالی سال 2019-20 کے دوران مجموعی طور پر 10 ارب 70 کروڑ ڈالر اور مالی سال 2018-19 کے دوران 8 ارب 40 کروڑ ڈالر وصول ہوئے ہیں۔
وزارت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد سے ترقیاتی شراکت داروں سے منصوبے کے لیے مالی اعانت کے عمل میں کمی آئی ہے، وبائی بیماری کے نتیجے میں بیشتر معاشی سرگرمیاں، بشمول ترقیاتی منصوبوں پر کام رک گیا تھا۔
تاہم حکومت کی طرف سے وبائی مرض سے متعلقہ پابندیوں میں نرمی کے بعد معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے رواں مالی سال میں منصوبے کی مالی اعانت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
وزارت نے 4 ارب 49 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کے حوالے سے بتایا کہ ایک ارب 30 کروڑ روپے یا 29 فیصد پاکستان کی معیشت کی تشکیل نو میں مدد کے لیے قرض دہندگان کی جانب سے زیادہ تر قرض/بجٹ کی حمایت سے متعلق پروگرام تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریبا ایک ارن 62 کروڑ ڈالر یا 36 فیصد غیرملکی تجارتی قرض تھا جو پرانے غیر ملکی تجارتی قرضوں کی ادائیگی کے لیے تھا۔
اس کے علاوہ ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے منصوبے کی مالی اعانت کے طور پر 51 کروڑ 80 لاکھ یا 12 فیصد، جو ملک کی معاشی ترقی کو بہتر بنانے اور اثاثوں کی تخلیق کے لیے وصول کیا گیا۔
6 کروڑ ڈالر یا ایک فیصد قلیل المدتی کریڈٹ تھا جبکہ رواں مالی سال کے دوران محفوظ رقم کے ذخائر کے حساب سے ایک ارب یا 22 فیصد وصول کیا گیا تھا۔