رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں 4.8 فیصد اضافہ ہوا: رزاق داؤد


وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں 4.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اپنے بیان میں عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 مہینوں میں پاکستانی برآمدات کا حجم 9 ارب 55 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ سال اسی عرصے میں پاکستانی برآمدات کا حجم 9 ارب 11 کروڑ ڈالر تھا۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں 45کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جو کہ 4.8 فیصد ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں درآمدات کا حجم 19 ارب 4 کروڑ ڈالر رہا جو کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 23 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں درآمدات میں 4 ارب 55 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی، مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی نسبت درآمدات 19.3 فیصد کم ہوئی۔

مشیر تجارت کے مطابق مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 9 ارب 50 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 14 ارب 48 کروڑ ڈالر تھا اور یہ گزشتہ سال  کے اسی عرصے کے تجارتی خسارے میں 4 ارب 98 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے جوکہ 34.42 فیصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال نومبر کے دوران برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں، گزشتہ مالی سال نومبر کے مقابلے میں رواں مالی سال نومبر کے دوران برآمدات میں 9.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال نومبر کے دوران تجارتی خسارے میں بھی 17.53 فیصد کمی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا  تھاکہ نومبر میں 334 ارب روپے محصولات اکھٹے کیے ہیں جو کہ گزشتہ سال کے 5 ماہ میں اکھٹے کیے گئے ریونیو سے17فیصد زیادہ ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں