رواں سال یعنی 2020 میں بے شمار پاکستانی فلمیں سنیما گھروں کی رونقیں بڑھائیں گی اور ان میں کئی اداکار اور اداکارائیں پہلی بار بڑے پردے پر جلوہ گر بھی ہوں گے۔
پاکستان فلم انڈسٹری گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ بہتری کی طرف جاتی ہوئی نظر آرہی ہے اور اب فلمی شائقین بھی سنیما میں جا کر پاکستانی فلمیں دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اسی ضمن میں پاکستانی سنیما کی ویب سائٹ کی جانب سے عوام کی رائے شماری جانی گئی کہ انہیں رواں سال کس پاکستانی فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔
اس رائے شماری کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ شائقین کو اس سال سب سے زیادہ انتظار فواد اور ماہرہ خان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ہے جسے سب سے زیادہ ووٹ ملے۔
دوسرے نمبر پر شائقین کو اداکار ہمایوں سعید کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کا انتظار ہے جب کہ تیسرے نمبر پر لوگوں کو شان شاہد کی فلم ’زرار ‘ کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور شائقین کو اس فلم کا کافی عرصے سے بے صبری سے انتظار ہے۔