بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی زمانہ طالبِ علمی کے دوران بنائی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا پر کافی ٹرینڈ کر رہی ہے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار رنبیر کپور بھلے ہی سوشل میڈیا سے دور رہنے کے اپنے فیصلے پر ڈٹے ہوں لیکن ان کی تصاویر اور ویڈیوز اکثر وائرل ہی رہتی ہیں۔
اداکار کے اسکول کے دنوں کی تصاویر حال ہی میں منظر عام پر آئی ہے جس میں اُن کے ساتھ اُن کے ایک اور ساتھی کو دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ تصویر رنبیر کپور کے ایک فین پیج کے ذریعے شیئر کی گئی ہے جس کے کیپشن میں سوال پوچھا گیا ہے کہ چاکلیٹی ہیرو کے مداح بتائیں کہ اس تصویر میں اُن کے ساتھ دوسرا فنکار کون ہے؟
مداح تصویر میں رنبیر کے پراسرار دوست کی شناخت کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
انٹرنیٹ صارفین اس تصویر کو دیکھ کر اندازہ لگا رہے یں کہ آیا اس تصویر میں اُن کے ساتھ کون کھڑا ہے۔
صارفین کی جانب سے کمنٹ سیکشن میں رنبیر کپور کے ہمراہ کھڑے فنکار کے لیے آیان مکھرجی، بوسکو مارٹیس، دیو پٹیل، وکرمادتیہ موٹوانے، امول پنگے، ارجن بجلانی یہاں تک کہ تشار کپور جیسے نامور اداکاروں کا نام لیا جا رہا ہے۔
ایک پرستار نے لکھا کہ رنبیر کے ہمراہ اس تصویر میں ’آیان مکھرجی یا منوج باجپائی‘ ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان بہت سارے ناموں کے درمیان صرف ارجن بجلانی ہی دراصل رنبیر کپور کے ہم جماعت رہے ہیں۔
اس بات کا انکشاف خود رنبیر کپور نے اسٹار پلس کے ایک شو میں کیا تھا۔
رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ ’لوگ نہیں جانتے کہ ہم ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے ہیں، ہم ایک ہی اسکول، ایک ہی کلاس اور فٹ بال کے لیے ایک ہی گھر میں نظر آتے تھے۔‘