بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنیل شیٹی اپنے داماد اور بھارت کے اسٹار کرکٹر کے ایل راہول کو اپنے بیٹے کی طرح سمجھتے ہیں لیکن وہ پیشہ ورانہ گفتگو کو الگ رکھنا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں متعدد ہٹ فلموں میں شاندار پرفارمنس کے حامل اداکار نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ راہول کو ان کی کرکٹ فیلڈ میں پرفارمنس کی وجہ سے ٹرولنگ کا سامنا ہے، لیکن وہ اس قسم کی ٹرولنگ پر زیادہ توجہ نہیں دیتے، بلکہ راہول اپنے بیٹ سے اس کا جواب دینا چاہتے ہیں۔
سنیل شیٹی نے اس حوالے سے بڑے واضح انداز میں کہا کہ میرے اور اس کے گفتگو کرنے سے کوئی بات نہیں بنے گی۔ مجھے اپنی زندگی میں ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا اور کہا کہ میں خراب اداکار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شعبوں میں سوچ سمجھ کر آئے کہ ہم کہاں جارہے ہیں، لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا ایسے مواقع پر میں اسے کچھ سمجھاتا ہوں؟ تو میرا جواب یہ ہے کہ میں اسے کیا کہوں؟ وہ ملک کے لیے کھیلتا ہے، یہ ایک اعزاز ہے کہ آپ سلیکٹ ہوں اور ملک کے لیے کھیلیں۔ میں تو کہتا ہوں کہ ملک کے لیے سلیکٹ ہونا ہی بذات خود بڑا اعزاز ہے۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ راہول کو پریکٹس کرنا اور کھیلنا ہوتا ہے، خراب پرفارمنس کی کئی وجوہات ہوتی ہیں، جس میں انجریز ہیں، کارکردگی کا اتار چڑھاؤ ہے، تو ایسی صورتحال سے بہت سارے لڑکوں کو گزرنا پڑتا ہے اور یہی ان کے کیریئر کا سفر ہے اس سے یہ سیکھتے ہیں، وہ 11 سال کی عمر سے کھیل رہا ہے، میں اس کے پرستاروں میں شامل ہوں۔