لاہور: راولپنڈی میں پی ایس ایل کی رونقیں جمعرات کو سجیں گی جہاں اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹی گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مقابل ہوں گی۔
پی ایس ایل5میں جمعرات کو راولپنڈی میں پہلا میچ کھیلا جائیگا، اس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مقابل ہونگی، میزبان ٹیم کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3وکٹ سے مات دی تھی، اس نے دوسرے مقابلے میں ملتان سلطانز کو 8وکٹ سے شکست دیکر پوائنٹس کا کھاتہ کھولا، تیسرے میچ میں لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے زیر کیا۔
ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں فتح کے بعد پشاور زلمی کے مقابل 6 وکٹ سے شکست ہوئی، ٹیم نے تیسری آزمائش میں کراچی کنگز کو 5وکٹ سے زیر کرتے ہوئے پوائنٹس کی تعداد 4کرلی،دفاعی چیمپئن سرفراز الیون اور 2بار ٹائٹل جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ میں برابر کا مقابلہ ہے۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کے پاس گذشتہ شکست کا بدلہ چکانے کا موقع بھی ہوگا،اس کی بیٹنگ لائن خاصی طویل ہے،ٹاپ آرڈر میں لیوک رونکی، کولن منرو اورڈیوڈ میلان تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس کے بعدکولن انگرام اور آصف علی موجود ہیں، شاداب خان ، حسین طلعت، فہیم اشرف اور عماد بٹ آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،گذشتہ میچ میں صفی عبداللہ اور محمد موسیٰ نے بھی ثابت کیا کہ وہ بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی پرفارم کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھی شین واٹسن اور جیسن روئے جیسے جارح مزاج اوپنرز میسر ہیں،احمد شہزاد کی فارم اچھی نہیں، سرفراز احمد ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیل سکتے ہیں لیکن امیدوں کا مرکز تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اعظم خان ہوں گے،محمد نواز اور انور علی تجربہ کار آل راؤنڈرز ہیں،محمد حسنین، نسیم شاہ اورٹائمل ملز پر مشتمل پیس بیٹری بیٹسمینوں کی قدم اکھاڑ سکتی ہے۔