لاہور: استاد راحت فتح علی خان کی حیدرآباد میں شاندار پرفارمنس پر حاضرین جھوم اٹھے۔
ایکسپریس کے مطابق دریائے سندھ کے کنارے آباد سرمئی شاموں کے شہر حیدرآباد میں ہفتے کی شب استاد راحت فتح علی خان کا شاندار لائیو کنسرٹ منعقد کیا گیا جس میں انھوں نے اپنے گائے مقبول ترین نغمے اور صوفیانہ کلام پیش کرکے رنگ جما دیا۔ فضاء میں ہر طرف واہ واہ کی بازگشت تھی۔
عالمی شہرت یافتہ گلوکار استاد راحت فتح علی خان سے موسیقی کے دیوانوں نے فرمائش کرکے ڈراموں کے ٹائٹل سونگ، بالی ووڈ فلموں کے گیت اور استاد نصرت فتح علی خان کی گائی ہوئی مشہور قوالیاں سنیں۔ انہیں سب سے زیادہ داد ’’ محبت بھی ضروری، میرے رشک قمر، تیرے مست مست دو نین، جگ گھومیا، دم مست قلندر مست‘‘ پر ملی جسے سن کر حاضرین بے خود جھوم اٹھے۔
پروگرام کے آرگنائزر عامر محی الدین تھے۔ اس موقع پر استاد راحت فتح علی خان کو استاد نصرت کا خصوصی پورٹریٹ بھی پیش کیا گیا، محفل موسیقی کی کمپیئرنگ ٹی وی اداکارہ عائشہ ثنا نے خوبصورت انداز میں کی۔