رابی کا دفاع وہی خواتین کررہی ہیں جن پر انہوں نے الزام لگایا، میشا شفیع


پاکستان کی نامور گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ کی سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد کئی شخصیات نے گلوکارہ کے سپورٹ میں آواز اٹھائی۔

ان میں سے ایک گلوکارہ میشا شفیع بھی ہیں جنہوں نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرکے اس واقعے کی مذمت کی اور لکھا کہ وہ ہمیشہ ہر اس شخص کے سپورٹ میں سامنے آئیں گی جسے شرمندہ کیا جارہا ہو۔

البتہ میشا شفیع کو اس ٹوئٹ پر صارفین کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

گلوکارہ نے اپنی اس ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ کی گزشتہ سال کی گئی ایک ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

یہ ٹوئٹ رابی پیرزادہ نے اس وقت کی تھی جب پاکستان میں می ٹو مہم کا سہارا لےکر کئی خواتین نے سامنے آکر اپنے ساتھ ہونے والے بدسلوکی کے واقعات بتانا شروع کیے تھے۔

رابی نے اس ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ‘مجھے آج تک میڈیا یا فیملی میں سے کسی نے بھی جنسی ہراساں نہیں کیا، میں مردوں کی عزت کرتی ہوں اور وہ بدلے میں میری عزت کرتے ہیں، تمام خواتین سے معذرت لیکن صرف شہرت حاصل کرنے کے لیے میرے پاس بتانے کو کوئی کہانی نہیں’۔

اس ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے میشا شفیع نے لکھا کہ ‘آج وہی خواتین رابی کا بھرپور دفاع کررہی ہیں جن پر رابی نے شہرت کیلئے توجہ حاصل کرنے کا الزام لگایا، میں بھی ان میں سے ایک ہوں۔’

تاہم صارفین نے میشا شفیع کو اس ٹوئٹ کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

انہوں نے لکھا کہ ‘اب اگر وہ مشکل میں ہے تو آپ کو ان پر تنقید کرنے کی ضرورت تھی؟ یہ صحیح مثال تو قائم نہیں کی گئی’۔

جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ‘اس احسان کی ضرورت نہیں ہے’۔

انہوں نے میشا سے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ ‘پرانی ٹوئٹ پوسٹ کرنے کی ضرورت کیا تھی؟’

ان کا کہنا تھا کہ ‘آپ اس سے بہتر انسان ہیں، پرانی ٹوئٹ شیئر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی’۔

جبکہ انہوں نے لکھا کہ ‘جس کسی نے بھی وہ ویڈیوز لیک کی ہیں اس نے جرم کیا ہے، اس کا فیمنزم سے کوئی تعلق نہیں’۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر رابی پیرزادہ کی برہنہ ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جس کے بعد رابی چند لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تو کئی نے ان کا سپورٹ کیا۔

اس حوالے سے گلوکارہ نے خود بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘جو بندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرےگا اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا’۔

گلوکارہ نے ایک انٹرویو میں یہ بھی اعلان کیا کہ انہوں نے ایف آئی اے کے سائبرکرائم ونگ سے رجوع کرلیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں