سینیٹ میں ’رائلٹیز فار آرٹسٹ‘ بل منظوری کے لئے پیش کرنے پر فنکاروں نے سینیٹر فیصل جاوید خان کو سراہا تو اداکار عمیر رانا نے اس بل کو مرحوم اداکارہ نائلہ جعفری سے منسوب کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے آگاہ کیا گزشتہ برس منظور ہونے والی آرٹسٹ رائلٹی کی قرارداد کو سینیٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ ’رائلٹیز فار آرٹسٹس‘ کے بل کو منظور کر لیا جائے گا۔
پیش کردہ اس بل میں ’کاپی رائٹس 1962‘ کے قوانین میں ترمیم کرکے فنکاروں کو خود مختار کیا گیا ہے، بل کی منظوری کے بعد غریب یا مالی اعتبار سے غیر مستحکیم فنکاروں کو ان کے فن کا اچھا معاوضہ مل سکے گا۔
فیصل جاوید کی اس کوشش کو فنکاروں نے خوب سراہا اور اداکار عمیر رانا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش تمام پاکستانی فنکاروں عزت کا باعث بن سکتا ہے۔
عمیر رانا نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اس بل کو مرحوم اداکارہ نائلہ جعفری سے منسوب کرنے کی اپیل کی۔

اداکار میکال ذوالفقار نے بھی انسٹا اسٹوری اپ ڈیٹ کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید خان کے اس اقدام کی تعریفیں کی۔

یاد رہے کہ نامور اداکارہ نائلہ جعفری 2021 میں کینسر سے جنگ لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئی تھیں۔
انہوں نے اپنے آخری ایام میں مالی معاونت کے لئے ٹی وی مالکان، ڈرامہ سازوں اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی تھی جس کے بعد ’رائلٹیز فار آرٹسٹ‘ مہم کو تحریک ملی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بل کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے فنکاروں کو مبارک باد اور پارلیمانی ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس بل کا مقصد کاپی رائٹ بورڈ کو بااختیار بنانا ہے کہ وہ لائسنسنگ اور کام کی تفویض کے لیے رائلٹی طے کرے اور فنکاروں کو بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنائے۔