ذہین لوگ کون ہوتے ہیں؟ ہم میں سے زیادہ تر لوگوں کا یہ ماننا ہوتا ہے کہ جن لوگوں کو کوئی چیز جلدی حفظ ہوجائے وہ لوگ بے حد ذہین ہوتے ہیں۔
لیکن ضروری نہیں ہے کہ جن کا حافظہ بہت اچھا ہو صرف وہی لوگ ذہین ہوتے ہیں، ماہرین نے اس حوالے سے متعدد تحقیقات کی ہیں جس کے بعد انہوں نے ذہین لوگوں کی چند علامات بتائی ہیں۔
آئیے ہم آپ کو ایسی علامات بتائیں جو کہ انسان کے ذہین ہونے کو ظاہر کرتی ہیں۔
سامنے والے شخص کے ادھورے جملے کو مکمل کرنے کی عادت
اکثر لوگوں نے دیکھا ہوگا کہ اگر ہمارا کوئی جملہ ادھورا ہوتا ہے تو اچانک سامنے والا شخص کچھ ایسا کہتا ہے جس سے ہمارا جملہ مکمل ہوجاتا ہے۔
اگر آپ کے اندر بھی یہ عادت پائی جاتی ہے تو یہ ایک اچھی بات ہے کیونکہ ماہرین کے مطابق یہ انسان کے ذہین ہونے کی علامت ہوتی ہے۔
یہ عادت اس بات کی وضاحت کرتی ہے کہ آپ جذباتی طور پر ذہین ہیں، ہمدرد اور دوسروں کے جذبات کے مطابق رہنا آپ کو دوسروں کے نقطہ نظر سے دنیا کو دیکھنے کی اجازت دیتا ہے۔
خود پر قابو پانے کی صلاحیت
کئی ماہرین نفسیات کے گروپ نے ایک تجربہ کیا جو کہ سائیکولوجیکل سائنس میں شائع کیا جا چکا ہے۔
اس تجربے کے مطابق ذہین افراد میں خود پر قابو پانے کی بہترین صلاحیت پائی جاتی ہے۔
تاخیر سے سے فیصلہ کرنے والے
متعدد مطالعوں سے بات ثابت ہوئی ہے کہ التواء سے فیصلہ کرنے والے لوگ اپنی چیزوں کو سوچنے میں زیادہ وقت لگاتے ہیں نا کہ وہ بغیر سوچے سمجھے فوری طور پر نتیجے کی طرف پہنچ جائیں، ایسے لوگ ذہین ہوتے ہیں اور سوچ سمجھ کر ہر کام کرتے ہیں۔
شور شرابا برداشت نا کرنے والے
اگر آپ اپنا کام بالکل خاموشی میں کرنا پسند کرتے ہیں اورآپ کو ذرا بھی شور برداشت نہیں تو یہ ایک اچھی عادت ہے کیونکہ دنیا کے بڑے بڑے سائنسدانوں کو بالکل خاموشی میں کام کرنے کی عادت تھی اور انہیں کام کے دوران شور بالکل برداشت نہیں ہوتا تھا۔
امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق خاموشی میں کام کرنے سے تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور آپ اپنے کام پر زیادہ بہتر طریقے سے غوروفکر کر سکتے ہیں۔
اپنے آپ میں خوش رہنے والے
اگرآپ کو خوش رہنے کے لیے دوسروں کی ضرورت نہیں پڑتی یا آپ اکیلے رہتے وقت بور نہیں ہوتے تو یہ ذہانت کی علامت ہے۔
برٹش جنرل آف سائیکولوجی کے مطابق جو لوگ اکیلے رہنا زیادہ پسند کرتے ہیں وہ ذہین ہوتے ہیں۔