دینِ اسلام کو جاننے کے بعد شہرت ملی پھر بھی بھٹک گیا: ہنی سنگھ

دینِ اسلام کو جاننے کے بعد شہرت ملی پھر بھی بھٹک گیا: ہنی سنگھ


بھارت کے معروف گلوکار و موسیقار یو یو ہنی سنگھ کا کہنا ہے کہ شہرت ملنے سے قبل دینِ اسلام کے بارے میں جاننے کا موقع ملا لیکن جب 2011ء میں شہرت ملی تو خدا کا شکر ادا کرنے کے بجائے شیطانی طاقتوں میں الجھ گیا۔

یو یو ہنی سنگھ میوزک انڈسٹری سے تقریباً ایک دہائی دور رہنے کے بعد نئے البم ’گلوری‘ کے ساتھ انڈسٹری میں واپس آئے اور چھا گئے ہیں۔

انہوں نے اپنے میوزک البم کی شاندار کامیابی کے بعد بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ کس طرح اسکول میں پیش آنے والے ایک واقعے نے انہیں لا مذہب بنا دیا۔

گلوکار نے بتایا کہ بعدازاں انہیں سکھ اور ہندو مذہب کو جاننے کا موقع ملا لیکن پھر بھی لا مذہب ہی رہے اور 2007ء میں 24 برس کی عمر میں ایک دوست کے کہنے موہالی منتقل ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ 2007ء سے 2011ء میں شہرت حاصل کرنے سے قبل مختلف روحانی شخصیات سے ملاقات ہوئی اور دینِ اسلام کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔

ہنی سنگھ نے بتایا کہ شہرت حاصل کرنے سے قبل مذہبی علماء اور صوفی کرام سے طرح طرح کے سوال کیے اور انہیں ہر سوال کا جواب ملا، اس طرح اسلام کا وسیع مطالعہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران موسیٰ علیہ السلام، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں جاننے کا موقع ملا، مجھے آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے متعلق بھی معلومات ملیں اور ذہن کھلا لیکن پھر 2011ء سے 2012ء کے درمیان جب شہرت ملنے لگی تو میں پھر بھٹک گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہرت و کامیابی ملنے کے بعد اوپر والے کا شکر ادا کرنے کے بجائے غلط راستے پر نکل گیا اور جب میں بیمار ہوا تو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اسی دوران ایک بار پھر مذہب کی طرف واپس آیا ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں