فلم ساز رمیش سپی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ فلم شعلے کی کاسٹنگ کے وقت دھرمندر ٹھاکر یا گبر سنگھ کا کردار ادا کرنا چاہتے تھے۔
رمیش سپی نے اپنے انٹرویو میں فلم ’شعلے‘ سے جڑی مختلف کہانیوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح انہوں نے اس فلم کا اسکرپٹ تیار کیا اور پھر اداکاروں کو اس فلم کے لئے کاسٹ کیا۔
خیال رہے کہ فلم شعلے اپنے وقت کی بلاک بسٹر فلم تھی، جس میں امیتابھ بچن، دھرمیندر، جیا بچن، ہیما مالنی، سنجیو کمار اور امجد خان جیسے مایا ناز فنکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
فلم ساز نے بتایا کہ انہیں رائٹرز کی جوڑی سلیم – جاوید نے بیک وقت 2 فلموں کی آفر کی، جس میں سے ایک فلم ’مجبور‘ تھی جس کا اسکرپٹ مکمل طور پر تیار تھا جبکہ دوسری فلم ’شعلے‘ تھی جس کی اس وقت صرف 4 لائنوں کا خیال ہی لکھا گیا تھا۔
فلم ساز کے مطابق انہوں نے اس وقت فلم مجبور کے لئے ہامی بھرلی تاہم بعد ازاں والد کے کہنے پر اس فلم کو چھوڑ کر فلم شعلے پر کام کیا اور کاسٹنگ کے لئے ہیما مالنی اور دھرمیندر سے رابطہ کیا اور دونوں ہی اپنے اپنے کردار سے ناخوش تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیما مالنی کو کسی طرح منالیا تھا تاہم دھرمیندر نے ٹھاکر یا گبر سنگھ کے کردار کی ڈیمانڈ کی جس پر انہیں میں نے یہ کہہ کر منایا کہ ٹھیک ہے آپ ٹھاکر یا گبر سنگھ کا کردار کرلیجئے پھر آپ کو ہیما جی نہیں ملیں گی، جس پر دھرمیندر جی فوراً مان گئے۔