لاہور: پاکستان اور بھارت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے میوزک اور فلموں کے سپر اسٹار علی ظفر نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے علی ظفر فاؤنڈیشن بنالی۔
اس سلسلے میں کورونا وائرس سے متاثرہ غریب مزدوروں اور روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والوں کی عملی مدد کے لیے ہزاروں افراد میں راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔ راک اسٹار علی ظفر کی فاؤنڈیشن کے لیے شہرت یافتہ اداکار، فیشن ڈیزائنر اور بہت سے گلوکار ان کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لیے میدان میں آگئے۔
فلموں اور ڈراموں کے مشہور اداکار ہمایوں سعید، صبا قمر، مایا علی، مرینہ خان، ہانیہ عامر، منال خان، ماورا حسین، بلال مقصود، عدنان صدیقی، اشنا شاہ، ایمن منیب، اقرار الحسن، ماریہ واسطی، احسن خان اور فہد مصطفیٰ نے وڈیو پیغام میں علی ظفر کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے نیک جذبات کی تعریف کی۔
فن کاروں نے اپنے مداحوں سے اپیل ہے کہ وہ علی ظفر فاؤنڈیشن کی جانب سے روزانہ مزدوری کرنے والے ہزاروں خاندانوں کو ان کی دہلیز پر کھانا فراہم کرنے کے مشن کو مکمل کرنے میں ان کی مدد کریں۔
واضح رہے جب سے کورونا وائرس کی وبا پاکستان میں آئی ہے علی ظفر نے دکھی انسانیت کے لیے حوصلہ مند پیغامات دیے اور مختلف گانے بھی بنائے۔