دورہ پاکستان؛ بنگلادیش کے ’’بڑے‘‘ آج سرجوڑ کر بیٹھیں گے


لاہور: 

دورہ پاکستان کیلیے ہاں یا ناں، بنگلادیش کرکٹ کے بڑے اتوار کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے، بورڈ میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بنگلادیشی ٹیم کو جنوری، فروری میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں، بی سی بی ٹور کی طوالت کو جواز بناکر سری لنکا کی طرح پہلے محدود اوورز کے میچز کھیلنے اور ٹیسٹ مقابلوں کا معاملہ بعد میں دیکھنے پر اصرار کرتا رہا ہے، فی الحال صرف ایک ٹیسٹ پاکستان تو دوسرا بعد ازاں بنگلادیش میں کھیلنے کی بات بھی ہوئی، پی سی بی کی جانب سے ابھی صرف ٹیسٹ میچز کھیلنے کی تجویز بھی دی گئی۔

بنگلادیشی بورڈ کے مطابق کئی کرکٹرز نے مختصر ٹور کیلیے پاکستان جانے پر آمادگی ظاہر کی، البتہ بیشتر کوچنگ اسٹاف دورے پرتیار نہیں، اتوار کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں تمام معاملات کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائیگا، مجوزہ شیڈول کے تحت بنگلادیشی ٹیم کی روانگی 18جنوری کو ہونا ہے،دستیاب کھلاڑیوں کی مدد سے اسکواڈ کی تشکیل اور تیاریوں کے مراحل کیلیے زیادہ وقت باقی نہیں۔

دوسری جانب پی سی بی سیریز کے حوالے سے پُرامید ہے، البتہ ایک عہدیدار نے ایک ٹیسٹ میچ کا پلان ناقابل عمل قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت ہر سیریز 120پوائنٹس پر مشتمل اور کم ازکم 2میچز کھیلے جاتے ہیں، پاکستان کی ہوم سیریز کا ہر مقابلہ 60،60پوائنٹس کا ہوگا، 120کا کس طرح ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں