دورِ کورونا؛ قومی ویمنز ٹیم کو پہلی مصروفیت مل گئی


 لاہور: 

 دورِکورونا میں قومی ویمنز ٹیم کو پہلی مصروفیت مل گئی گرین شرٹس 20 جنوری سے 3 فروری تک جنوبی افریقہ میں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزکھیلیں گی، تربیتی کیمپ 20 دسمبر سے شروع ہوگا،27ممکنہ پلیئرز کو طلب کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز ٹیم آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی، دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، دور کورونا میں یہ گرین شرٹس کی پہلی مصروفیت ہوگی،سیریز کے آغاز پر پہلا ایک روزہ میچ 20جنوری کو ڈربن میں ہوگا، دوسرا مقابلہ 23جنوری کو اسی وینیو پر ہوگا۔

تیسرا ون ڈے اور ابتدائی دونوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بالترتیب 26، 29 اور 31 جنوری کو پیٹرمریٹزبرگ میں کھیلے جائیں گے، مختصر فارمیٹ کا تیسرا مقابلہ 3فروری کو ڈربن میں ہوگا، 27ممکنہ پلیئرز کوتربیتی کیمپ کیلیے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں طلب کرلیا ہے۔

ان میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، بسمہٰ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا خان، ارم جاوید، جویریہ خان، جویریہ رؤف، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ، ماہم طارق، منیبہ علی،ناہیدہ خان، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں، حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹرکراچی میں تربیتی کیمپ کا آغاز 20 دسمبر جبکہ 18 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان 31 تاریخ کو کیا جائے گا، کیمپ سے قبل اور رپورٹ کرنے پر بھی اسکواڈ میں شامل ہر رکن کا ایک کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دورئہ جنوبی افریقہ قومی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور بولنگ کوچ ارشد خان کی پہلی اسائنمنٹ ہوگی، کامران حسین اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔ویمنز چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2022 کیلیے کوالیفائی کر چکی ہے،اس کے باوجود ہمارے ساتھ مکمل سیریز کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کرنے پر ہم اس کے شکرگزار ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں