بھارت کی بنگالی اداکارہ اور میزبان سدیپا چترجی کو شو کے دوران گائے کے گوشت کی ڈش پر بات کرنے پر قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سدیپا چترجی نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے واضح کیا کہ ’عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے میں نے ایک بنگلادیشی شو میں بھارت کی نمائندگی کی تھی، اس شو میں موجود ایک شخص نے گائے کے گوشت سے ڈش تیار کی، بطور میزبان میں نے اس شخص سے ڈش پر گفتگو کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور مجھے قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں‘۔
اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ مجھ پر شو کے دوران گائے کا گوشت پکانے حتیٰ کہ کھانے کا الزام لگایا گیا جو کہ سراسر جھوٹ ہے، میں نے دوران شو صرف اس شخص سے بات کی جس نے ڈش تیار کی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے کبھی گائے کے گوشت کو نہیں پکایا، نہ ہی کھایا حتیٰ کہ چھوا تک نہیں ہے، مجھے دھمکیاں دینے والے ویڈیو کو غور سے دیکھیں اور مجھے بتائیں کہ میں نے گائے کے گوشت کو کہاں ہاتھ لگایا، پکایا یا کھایا۔
سدیپا چتر جی نے مزید لکھا کہ مجھ پر تنقید کرنے والے زیادہ تر لوگوں نے ویڈیو بھی نہیں دیکھی، مجھے سیاسی فائدے کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔