دنیا کے پرکشش چہروں میں 2 پاکستانی اداکار شامل، اداکارائیں جگہ بنانے میں ناکام


دنیا کے خوبصورت اور پرکشش چہروں کی فہرست جاری کرنے والے برطانیہ کے خودمختار ادارے ’دی انڈیپینڈنٹ کرٹکس‘ اور ’ٹی سی کینڈلر‘ نے رواں برس کی نامزدگی فہرست جاری کردی۔

مذکورہ ادارہ 1990 سے لے کر ہر سال دنیا کے خوبصورت اور پرکشش شخصیات کی فہرست جاری کرتا آرہا ہے اور رواں سال کی فہرست میں صرف 2 پاکستانی مرد اداکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔

رواں سال کی فہرست میں مجموعی طور پر 239 شخصیات شامل ہیں، جن میں تقریبا تمام براعظموں کے درجنوں ممالک کی شخصیات کے نام شامل ہیں۔

فہرست میں سب سے زیادہ امریکا اور یورپی ممالک سمیت وسطی ایشیائی ممالک کی شخصیات کے نام شامل ہیں، تاہم اس میں بھارت اور پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک کی چند شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔

مذکورہ ادارے کی جانب سے سال 2019 میں جاری کی گئی خوبصورت اور پرکشش چہروں کی فہرست میں 4 پاکستانی شخصیات کو شامل کیا گیا تھا، جن میں 2 خواتین شامل تھیں۔

گزشتہ برس کی فہرست میں بھی اداکار عمران عباس اور فواد خان بھی شامل تھے اور رواں برس بھی انہیں فہرست میں شامل کیا گیا ہے، تاہم گزشتہ سال اس فہرست میں جگہ بنانے والی ماہرہ خان اور گلوکارہ مومنہ مستحسن اس بار فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے پرکشش اور خوبصورت افراد میں 4 پاکستانی شامل

اس سال مذکورہ فہرست میں کسی بھی پاکستانی خاتون اداکارہ، گلوکارہ، اسپورٹس خاتون یا دیگر شعبے کی کسی خاتون کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔

تاہم پاکستان کے برعکس بھارت سے مرد و خواتین دونوں کو اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بھارت سے اداکارہ پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون، نصرت بروچا اور عالیہ بھٹ کوبھی اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ مرحوم ادکار عرفان خان کو بھی اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تاہم بھارت سے بھی بڑے بڑے اسٹارز کو اس فہرست کا حصہ نہیں بنایا گیا جب کہ ہولی وڈ کی بھی کئی شخصیات کو اس فہرست کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

مجموعی طور پر خوبصورت اور پرکشش 239 چہروں میں سے صرف 100 چہروں کو آخری مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

پاکستانی اداکار عمران عباس اور فواد خان کم از کم گزشتہ تین سال سے مذکورہ فہرست کا حصہ بنتے آ رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں