ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک 216 ارب ڈالرز کے مالک ہونے کے باعث دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔
مگر اکثر اوقات وہ زندگی ‘حد غربت’ سے بھی نیچے زندگی گزارتے ہیں۔
یہ انکشاف ان کی گرل فرینڈ کینیڈین گلوکارہ گریمز نے وینیٹی فیئر کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
گلوکارہ نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ایک دفعہ انہوں نے لاس اینجلس میں رہائش کے دوران میٹریس کی سائیڈ پر ایک سوراخ کو دریافت کیا۔
اس موقع پر نئے میٹریس کو خریدنے کی بجائے ایلون مسک نے مشورہ دیا کہ اس پرانے میٹریس کو ہی گھر میں رکھیں۔
انہوں نے کہا ‘ان کے پاس تو ایک نیا میٹریس بھی نہیں’۔
ان کا کہنا تھا ‘وہ کسی ارب پتی کی طرح زندگی نہیں گزارتے، وہ تو اکثر حد غربت سے نیچے رہنے والوں کی طرح زندگی گزارتے ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا ‘کیا ہم 40 ہزار ڈالرز کے انتہائی غیرمحفوظ گھر میں نہیں رہتے؟ جہاں پڑوسی ہماری فلمیں بناسکتے ہیں اور وہاں کوئی سیکیورٹی بھی نہیں، جہاں میں 8 دن تک پینیٹ بٹر ہی مسلسل کھاتی رہی’۔
ایلون مسک نے مئی 2020 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تمام گھر اور بیشتر اثاثوں کو فروخت کردیں گے تاکہ مریخ میں انسانی کالونی کے لیے سرمایہ کاری کرسکیں اور اپنے لیے کوئی گھر نہیں رکھیں گے۔
اس وقت وہ 50 ہزار ڈالرز کے ایک چھوٹے سے گھر میں رہتے ہیں جس کو انہوں نے اسپیس ایکس سے کرائے پر لیا ہے۔
گریمز نے یہ بھی بتایا کہ دنیا کے امیر ترین شخص سے تعلق نے ان میں یہ احساس پیدا کای کہ وہ 2 دنیاؤں کے درمیان پھنس گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایلون مسک کافی احمقانہ باتیں کرتے رہتے ہیں مگر وہ درست کام کرتے ہیں، لوگوں کا خیال ہے کہ وہ پیسوں کا ذخیرہ کررہے ہیں، مگر یہ درست نہیں وہ اپنا سب کچھ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خرچ کرتے ہیں۔
اسی انٹرویو کے دوران کینیڈین گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
اس بچی کی پیدائش دسمبر 2021 مین ہوئی تھی مگر اس کے بارے میں اب بتایا گیا ہے جس کا نام ایکسا ڈارک سڈرائیل مسک رکھا گیا ہے مگر اسے وائے کی عرفیت دی گئی ہے۔
اس جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے جس کی پیدائش مئی 2020 میں ہوئی تھی اور اس کا نام X Æ A-Xii ہے۔
اس بچی کی پیدائش سروگیسی طریقہ کار سے ہوئی اور یہ مجموعی طور پر ایلون مسک کی 7 ویں اولاد ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں ایلون مسک نے اپنی گرل فرینڈ سے ‘نیم علیحدگی’ کا اعلان کیا تھا مگر پھر تعلق قائم ہوگیا مگر بچی کی پیدائش کے بعد وہ پھر الگ ہوگئے۔