بیجنگ .: دنیا کا سب سے چھوٹا کلر پرنٹر آپ کے ایک ہاتھ میں سما سکتا ہے جس کا وزن صرف 110 گرام ہے لیکن یہ گھنٹوں تک مسلسل تین رنگی پرنٹنگ کرسکتا ہے۔
اسے پرِن کیوب کا نام دیا گیا ہے اور اپنی جادوئی خصوصیت کی بنا پر یہ کاغذ، کپڑے، لکڑی، انسانی جلد، دھات اور غیرہموار سطح پر برق رفتاری سے رنگین تصاویر، پیغامات اور ٹیکسٹ چھاپ سکتا ہے۔ مطلوبہ سطح پر پرنٹر رکھئے اور بٹن دباکر اسے پھیرتے رہیں تو یہ اپنی میموری سے متخب شدہ تصویر کا ٹیکسٹ فوری طور پر چھاپ دیتا ہے۔
وائی فائی اور آئی فون ایپ سے کنٹرول ہونے والی اس اہم ایجاد کی قیمت 500 ڈالر کے لگ بھگ ہے لیکن یہ بنا رکے چھ گھنٹے تک چھپائی کرسکتا ہے۔ چاہے کوئی پیچیدہ ڈیزائن ہو، تصویر ہو یا صرف الفاظ ہوں ۔ پرن کیوب نے پرنٹنگ کو بہت آسان اور جدید بنادیا ہے جس کے لیے صرف ایک بٹن دبانا پڑتا ہے۔
پرن کیوب آج کی تیزرفتار زندگی کے لحاظ سے بنایا گیا ہے جسے آپ سفر، پارٹی یا کسی اور جگہ میں استعمال کرسکتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پرن کیوب کئی سطحوں پر یکساں رفتار سے ہموار پرنٹنگ کرتا ہے۔ اس میں نصب آپٹیکل سینسر پہلے سطح کا انتخاب کرتا ہے اور اندر نصب کارٹریج کو رنگ بکھیرنے کا حکم دیتا ہے۔
اس میں نصب پرنٹنگ کارٹریج تھرمل اصولوں پر کام کرتی ہے اور حقیقت سے قریب تر کی خوبصورت تصاویر اور ڈیزائن چھاپتی ہے۔ بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے پر مسلسل چھ گھںٹے تک کارآمد رہتی ہے۔ اگر آپ اسے بیٹری کو دراز میں رکھدے تو ایک سال تک بھی اس کی بجلی ختم نہیں ہوتی۔ ایک رنگین کارٹریج مسلسل 415 صفحات چھاپ سکتی ہے۔
پرنٹر کی میموری میں ایک وقت میں 20 تصاویر اور ڈیزائن سماسکتے ہیں۔ اس ایجاد کےلیے انٹرنیٹ پر چندہ کیا گیا تھا جس کے بعد اب اس ماہ حتمی پراڈکٹ سامنے آچکی ہے۔ اس سے قبل پرنٹر کو بار بار آزمائش سےگزارا گیا اور اس کی خامیاں درست کی گئی تھیں۔
پرن کیوب کی قیمت 100 سے 125 ڈالر رکھی گئی ہے۔