دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں 95 ہزار سے تجاوز کر گئیں


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 95 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ 16 لاکھ 300 سے زائد افراد اب تک وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

دنیا کے 209 ممالک میں پھیلی وبا کے باعث اب تک سب سے زیادہ 18 ہزار 279 ہلاکتیں اٹلی میں ہو چکی ہیں ، یورپی ملک میں عالمگیر وبا سے ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد متاثر بھی ہو چکے ہیں۔

زیادہ ہلاکتوں کے اعتبار سے امریکا دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس 16 ہزار 700 کے قریب زندگیاں نگل چکا ہے اور 4 لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کسی بھی شہر میں کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد نیویارک میں ہے جہاں ایک لاکھ 61 ہزار 500 سے زائد افراد وبا سے متاثر اور 7 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔

اسپین میں بھی اموات کی مجموعی تعداد ساڑھے 15 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جب کہ فرانس میں 12 ہزار 210 اور برطانیہ میں 7 ہزار 978 افراد اب تک اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

ایران میں 4 ہزار 110، چین میں 3 ہزار 336 اور جرمنی میں 2 ہزار 607 اموات ریکارڈ ہو چکی ہیں۔

دنیا کے 210 ممالک میں اب تک 95 ہزار 785 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ 16 لاکھ 7 ہزار 600 افراد وبا سے متاثر اور 3 لاکھ 57 ہزار 164 صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں