دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمیں


کراچی: 

فلمیں لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کا ایک اچھا اور موثر ذریعہ ہیں دنیا بھر میں زیادہ تر لوگ تفریح حاصل کرنے کے لیے فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری کے شعبے میں بھی جدت آگئی ہے اور اب فلمیں محض لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کا ذریعہ نہیں رہیں بلکہ فلمسازی صنعت کا درجہ اختیار کرچکی ہے اورفلم انڈسٹری ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔ دنیا بھر میں جہاں فلمیں بنانے کے لیے اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کی جاتی ہے وہیں یہ فلمیں کھربوں روپے کا بزنس کرتی ہیں۔

یہاں دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس(کمائی) کرنے والی فلموں کی فہرست پیش کی جارہی ہے۔

اواتار

ہدایت کار جیمز کیمرون کی 2010 میں ریلیز ہونے والی سائنس فکشن فلم ’اواتار‘ 2.7 بلین ڈالر کمائی کے ساتھ اب تک کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے۔ فلم میں زوئے سلڈانا، سیم ورتھنگٹن، اسٹیفن لینگ سمیت ہالی ووڈ کے نامور فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

اوینجرز اینڈ گیم

دوسرے نمبر پر اپنی ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والی سائنس فکشن فلم ’اوینجرز اینڈ گیم‘ ہے۔ بچوں اور بڑوں کے پسندیدہ آئرن مین، کیپٹن امریکا، تھور اور ہلک جیسے سپر ہیروز کی فلم میں یہ تمام سپر ہیروز دنیا کو تھائنوز نامی ولن سے بچاتے نظر آتے ہیں۔ فلم اب تک 2.5 بلین ڈالر کا ریکارڈ بزنس کرچکی ہے جب کہ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

ٹائی ٹینک

1997 میں ریلیز ہونے والی رو مینٹک ایڈونچر فلم ’ٹائی ٹینک‘ برسوں گزرنے کے بعد بھی لوگوں کے ذہنوں پر اس طرح نقش ہے جیسے کل ہی دیکھی ہو۔ فلم میں ہالی ووڈ کے نامور اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو اورکیٹ ونسلٹ نےجیک اور روز کے کرداروں کو امر کردیا۔ جیمز کیمرون کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ٹائی ٹینک‘ کو لوگ آج بھی دیکھنا پسند کرتے ہیں اس فلم نےدنیا بھر میں 2.18 بلین ڈالر کا بزنس کیاہے۔

اسٹار وارز؛ دی فورس اویکنز

دنیا بھر میں سائنس فکشن فلمیں بہت زیادہ پسند کی جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ فلمیں اربوں کا بزنس کرتی ہیں۔ چوتھے نمبر پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بھی سائنس فکشن فلم ’اسٹارزوارز؛ دی فورس اویکنز‘ ہے۔ اس فلم نے 2.06 بلین ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

اوینجرز؛ انفنیٹی وار

مارول اسٹوڈیوز کی اوینجرز سیریز کو شائقین میں بہت پسند کیاجاتا ہے۔ فلم میں شامل دنیا کو بچاتے ہوئے سپرہیروز کو دیکھ کر لوگ کچھ دیر کے لیے اپنے تمام مسائل بھول کر سپر ہیروز کی دنیا میں کھوجاتے ہیں۔ ’ اوینجرز ؛ انفنیٹی وار‘ اوینجرز سیریز کی انیسویں فلم ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی دنیا بھر میں تہلکہ مچادیاتھا۔ 2018 میں ریلیز ہونے والی س فلم نے 2.04 بلین ڈالرز کمائے ہیں۔

جراسک ورلڈ

1993 میں ریلیز ہوئی غیر معمولی جسامت اورخطرناک ڈائناسارز پر مشتمل فلم ’جراسک پارک‘  نے ریلیز ہوتے ہی دنیا بھر میں تہلکہ مچادیاتھا۔ فلم میں چند سائنسدانوں کو  خطرناک ڈائناسارز سے بھڑتے اور پھر ان سے بچنے کی کوششیں کرتے دکھایا گیا تھا یہ فلم دنیا بھر میں اتنی پسند کی گئی تھی کہ بعد ازاں اس کے کئی پارٹس بنائے گئے۔ تاہم 2015 میں جراسک فرنچائز کی ریلیز ہونے والی فلم ’جراسک ورلڈ‘ دنیا بھر میں 1.67 بلین ڈالرز کا غیرمعمولی بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

دی اوینجرز

دنیا بھر کے شائقین سپر ہیروز سے کتنی محبت کرتے ہیں اس بات کا ثبوت اس لسٹ میں شامل ہونے والی اوینجرز سیریز کی ایک اور فلم ’دی اوینجرز‘ ہے۔  2012 میں ریلیز ہونےوالی اس فلم کو دنیا بھر کے شائقین کی جانب سے بےحد پزیرائی حاصل ہوئی تھی اور یہ فلم1.518 بلین ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

فیوریس 7

فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کی 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فیوریس7‘ کو دنیا بھر میں بے حد پسند کیاگیا تھا اس فلم نے گلوبلی 1.516 بلین ڈالرز کا بزنس کیاتھا۔

اوینجرز؛ ایج آف آلٹرون

اوینجرز سیریز کی گیارہوں فلم ’اوینجرز؛ ایج آف آلٹرون‘بھی شائقین پر اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہی تھی۔ یہ فلم  1.405 بلین ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

بلیک پینتھر

ہماری لسٹ میں دسویں نمبر پر جس فلم نے دنیا بھر میں کمائی کا ریکارڈ قائم کیا وہ 2018 میں ریلیز ہوئی فلم ’بلیک پینتھر‘ ہے۔ یہ فلم 1.3 بلین ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں