دماغی صحت کے لیے تباہ کن غذا


ٹرانس فیٹ کا بہت زیادہ استعمال دماغی امراض جیسے الزائمر یا ڈیمینشیا کا خطرہ 50 سے 70 فیصد تک بڑھا سکتا ہے۔

یہ بات جاپان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

خیال رہے کہ ٹرانس فیٹی یا فیٹی ایسڈز اکثر قدرتی غذاﺅں میں ہوتے ہیں مگر انسانوں کی تیار کردہ بیکری کی مصنوعات اور جنک فوڈ میں ان کی موجودگی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

عام طور پر چکنائی کی اس قسم کو کیک، بسکٹ، مارجرین اور تلی ہوئی غذاﺅں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور جاپانی تحقیق میں ان فیٹس کو ڈیمینشا کا باعث قرار دیا گیا ہے۔

اس تحقیق کے دوران ڈیڑھ ہزار سے زائد مردوں اور خواتین کا جائزہ 10 سال تک لیا گیا جو دماغی تنزلی کے عارضے کا شکار نہیں تھے اور تحقیق کے آغاز کے دوران خون میں ٹرانس فیٹ کی شرح اور ان کی غذاﺅں کو بھی دیکھا گیا۔

محققین نے ان عناصر کو بھی دیکھا جو دماغی تنزلی کا خطرہ بڑھاتے ہیں جیسے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور تمباکو نوشی۔

انہوں نے دریافت کیا کہ جن افرادکے خون میں ٹرانس فیٹ کی شرح زیادہ ہوتی ہے ان میں ڈیمینشا کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 52 سے 74 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ غذائی شکل میں ٹرانس فیٹ کا زیادہ استعمال الزائمر اور ڈیمینشیا کا شکار بناسکتا ہے۔

کیوشو یونیورسٹی کی اس تحقیق میں مزید کاہ گیا کہ عالمی ادارہ صحت نے 2023 تک ٹرانس فیٹس کے خاتمے کا مطالبہ کررکھا ہے۔

یہ چکنائی پراسیس غذاﺅں کا ذائقہ اور زندگی تو بڑھا دیتی ہے مگر صحت کے لیے نقصان دہ ہے یہاں تک کہ امریکا میں گزشتہ سال اس پر پابندی بھی عائد ہوچکی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل نیورولوجی میں شائع ہوئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں