بھارت کے شہر دلی میں نوجوان ماں اور اس کا بیٹا بارش کے دوران نالے میں گرنے سے ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ گزشتہ شام بارش کے دوران پیش آیا، 23 سالہ تنوجا بشت اپنے 3 سالہ بیٹے پریانش کے ساتھ بازار گئی تھی اور واپسی پر بارش شروع ہوگئی تھی جس سے سڑک پر پانی بھر گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس دوران تنوجا اپنے بیٹے کے ساتھ کھلے نالے میں گر گئی تھی جس کے کچھ گھنٹوں بعد دونوں لاشیں تقریباً 500 میٹر دور سے مل گئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ماں بیٹے کی لاش برآمد ہونے پر دیکھا گیا کہ ماں نے اس وقت بھی اپنے بیٹے کا ہاتھ پکڑا ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مرنے والی خاتون کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اگر ریسکیو آپریشن تیز ہوتا تو ماں اور بیٹے کو بچایا جاسکتا تھا۔ خاتون کا شوہر گووند سنگھ ایک پرائیویٹ ادارے میں ملازمت کرتا ہے جو حادثے کے وقت کام پر تھا۔
مرنے والی خاتون کے چچا ہریش راوت نے کہا ہے کہ نالہ بہہ رہا تھا جسے وہ دیکھ نہیں سکی، ہمیں شام 7:30 بجے کے قریب اطلاع ملی جس کے بعد مدد کے لیے رابطہ کیا تو پولیس ریسکیو ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچی لیکن ان کے پاس مناسب سامان نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تنوجا نے موت کے بعد بھی اپنے بیٹے کا ہاتھ نہیں چھوڑا، جب لاش ملی تب بھی وہ بیٹے کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھی۔