ملک میں درآمدی گندم کا اسٹاک پہنچنے کے بعد بھی آٹے کی قیمت کم نہ ہوسکی۔
درآمدی گندم کا تیسراجہاز پاکستانی حدود میں پہنچ گیا ہے اور اس سے قبل درآمدی گندم کے دو جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہیں۔
26 اگست کو لنگر انداز ہونے والے جہاز سے 45 ہزار ٹن گندم ڈسچارج ہوچکی ہے جب کہ 4 ستمبر کو لنگر انداز ہونے والے جہاز سے 19 ہزار ٹن گندم ڈسچارج ہوچکی ہے۔
ملک میں آٹے کی قیمت کم کرنے کے لیے گندم درآمدکرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود آٹے کی قیمت کم نہیں ہوئی ہے۔
ڈھائی نمبر چکی کے آٹے کی ایکس مل قیمت 56 روپےکلو اور ریٹیل قیمت 57 روپے کی ہے۔
اس کے علاوہ فائن آٹے کی ایکس مل قیمت 60 روپے اور بازار میں فائن آٹا 62.50 سے 70 روپے فی کلو تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔