دبئی میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں اور لاک ڈاؤن سے پریشان بھارتی اور پاکستانی شہری اپنا سونا فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں مجود لاکھوں تارکین وطن یا تو نوکریوں سے محروم ہوگئے ہیں یا پھر انہیں تنخواہوں میں کمی کا سامنا ہے۔
خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں بیشتر تارکین وطن اپنی بچت سونے کی شکل میں محفوظ رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث کئی تارکین وطن اپنے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے یا کسی ممکنہ ہنگامی صورت حال میں اپنے پاس رقم رکھنے کے لیے سونا بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
دکانداروں کے مطابق سونا بیچنے والوں میں زیادہ تر بھارتی، پاکستانی، بنگلادیشی، نیپالی اور سری لنکن باشندے شامل ہیں۔
کورونا بحران کے دوران گذشہ ایک ماہ میں متحدہ عرب امارات میں میں سونے کی قیمتوں میں ساڑھے 7 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 105 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاؤن ہے تاہم یکم رمضان سے کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے اور دوپہر 12 سے روزانہ 10 گھنٹے شاپنگ مالز کھلے ہیں۔