قومی ٹیم کے ہیڈکوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ خواہش ہے پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کی دو بہترین ٹیموں میں شامل ہو۔
لاہور کے قذافی اسٹیٹیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف منتخب کردہ ٹیم دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جس طرح سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان لڑکوں نے بہترین کارکردگی دکھائی تھی، یقین ہے کہ اب بنگلا دیش کے خلاف بھی یہ ٹیم شاندار پرفارمنس دے گی۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ یقینا اسکواڈ سے ڈراپ ہونے پر کاشف بھٹی اور عثمان شنواری مایوس ہوں گے مگر یقین دلاتے ہیں کہ کاشف بھٹی اور عثمان شنواری، طویل طرز کی کرکٹ میں ہماری مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی کا مکمل حصہ ہیں۔ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ٹاپ اور مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کی کثیر تعداد ہونے کے باعث کاشف بھٹی کی جگہ دائیں ہاتھ کے آف اسپنر بلال آصف کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ ان کا ہدف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہے، خواہش ہے پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کی دو بہترین ٹیموں میں شامل ہو۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 3 فروری کو راولپنڈی روانہ ہوگی جہاں قومی اسکواڈ ٹریننگ کا آغاز 4 فروری کو کرے گا۔