میری لینڈ، امریکا: اب تک خمیدہ اور گول اشیا پر سرکٹ اور برقی اشیا چھاپنا بہت مشکل عمل تھا۔ تاہم اب امریکا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹینڈرڈ اینڈ ٹیکنالوجی (این آئی ایس ٹی) کے سائنسدانوں نے اس شعبے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے عام ٹافی پر خردبینی مقناطیسی نقطے چھاپے ہیں۔ اگرمریض یہ ٹافی کھاتا ہے تو وہ بدن کے اندر گھل کر ختم ہوجاتی ہے اور نقطے کسی نقصان کے بغیر جسم میں موجود رہتے ہیں تاکہ وہ طبی کام انجام دے سکیں۔
یہ کارنامہ گیری زیبوو نے انجام دیا ہے جس کے بعد اب خمیدہ سطح پر مائیکروچپ اور سرکٹ چھاپنا بھی ممکن ہے۔ اس کی تفصیلات 25 نومبر کو جریدہ سائنس میں شائع ہوئی ہے۔ اس کی بدولت سیمی کنڈکٹر، برقیات اور مائیکروپرنٹنگ کا عمل ہر سطح اور شکل پر انجام دیا جاسکتا ہے۔
سائنسدانوں نے چینی اور مکئی کے شیرے سے یہ ٹیکنالوجی وضع کی ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے ایک ناہموار اور مشکل جگہ پر سرکٹ چھاپا اور اس کے بعد مکئی اور چینی کا شربت اس پر لیپ دیا۔ سب سے پہلے ایک ٹافی پر مقناطیسی دھات کے ذرے چھاپے گئے۔ اس طرح جب ٹافی گھلتی ہے تو سرکٹ اپنی شکل اور خاصیت برقرار رکھتا ہے اور کام کرتا رہتا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کو رفلیکس کا نام دیا ہے جس میں اسٹینسل کی طرح مائیکرو سرکٹ پیٹرن کسی بھی جگہ لگائے جاسکتے ہیں۔ یہاں تک کہ موتیوں پر بھی مائیکروچپ براہِ راست کاڑھی جاسکتی ہے۔ این آئی ایس ٹی نے انسانی بال پر اپنے ادارے کا نام بھی چھاپا ہے جو اس کی افادیت بیان کرتا ہے۔
توقع ہے کہ اس سے نئے برقی و طبی آلات کی تیاری میں بہت مدد ملے گی۔