خراٹوں کو روکنے والا تکیہ تیار


سیؤل ، جنوبی کوریا: 

لوگوں کو خراٹوں سے روکنے والا ایک انوکھا برقی تکیہ بنایا گیا ہے جو سانس بھاری ہونے اور خراٹوں کی صورت پھیلتا اور پھولتا ہے۔ اس طرح سر کی پوزیشن تبدیل ہوجاتی ہے اور سونے والے کو اس کا احساس نہیں ہوپاتا جس کے بعد خراٹے رک جاتے ہیں۔

اسے جنوبی کوریا اور امریکا کی کمپنی ٹین مائنڈز نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ خراٹوں کی صورت میں تکیہ کسی ہوا بھری تھیلی کی طرح پھیلتا اور سکڑتا ہے۔ اس طرح گردن اور چہرہ درست سمت میں آجائے گا اور یوں ناک کے ذریعے ہوا کی آمدورفت درست ہوگی جس سے خراٹے رک جائیں گے۔

اگرچہ خراٹے لینے کا عمل حلق کے اندر ہوتا ہے لیکن یہ دیکھا گیا ہے کہ اگر اس دوران اگر سر کو ہلکی جنبش دی جائے تو اس سے خراٹے رک سکتے ہیں۔ عین یہی کام اسمارٹ تکیہ کرتا ہے جسے ’موشن پِلو‘ یا متحرک تکیے کا نام دیا گیا ہے۔

تکیہ خراٹوں کی آواز سنتے ہیں ’متحرک‘ ہوجاتا ہے اور سر کو ہلکی حرکت دے کر اس دائیں یا بائیں، اوپر یا نیچے کردیتا ہے لیکن اس سے سونے والے کو کوئی دقت پیش نہیں آتی۔ موشن پلو کو آپ کسی ایپ سے بھی کنٹرول کرسکتے ہیں اور یہ تکیہ کامیابی سے خراٹوں کو روکتا ہے۔

لاس ویگاس میں جاری گھریلو برقی مصنوعات (سی ای ایس) میں پیش کردہ اس ایجاد کو بہت سراہا گیا ہے اور خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔ دوسری جانب خراٹے روکنے کے لیے لوگ برقی ماسک پہنتے ہیں یا پٹی لگاتے ہیں اور اس طرح پہننے والا نیند کے دوران بھی بے چین رہتا ہے۔

یہ ایجاد اس وقت انٹرنیٹ پر کراؤڈ فنڈنگ کے عمل سے گزررہی ہے اور اس سال اپریل میں حرکتی تکیہ فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت 410 ڈالر رکھی گئی ہے۔ قبل ازیں پہلے مرحلے میں اس کی قیمت 210 ڈالر رکھی گئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں