خاندانی دشمنی: ملزمان مہمان بن کر آئے، پسند کا ناشتہ کیا پھر فائرنگ کردی


کراچی: خاندانی تنازع پر ملزمان نے خاتون اور بچوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا جب کہ خاتون اور دوسرا بچہ زخمی ہوئے۔

کراچی کے علاقے میں سپرہائی وے کے نواحی علاقے غریب آباد گوٹھ میں فائرنگ کا واقعہ سندھ کے شہر شہدادکوٹ میں خاندانی تنازع پر قتل کی ایک واردات کا جوابی ردعمل ہے جس میں ایک کم سن بچہ جاں بحق جب کہ اس کا چھوٹا بھائی اور خاتون خانہ شدید زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی ضلع شرقی تنویر عالم اوڈو کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود غریب آباد گوٹھ میں رہائش پذیر تاج محمد جمالی کے گھر پر ان کے قریبی رشتے دار آئے جن کو اہل خانہ نے عزت بخشی اور گھر میں بٹھایا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے  انڈا پراٹھے کا ناشتہ تیار کرنے کی فرمائش کی جسے میزبان نے پورا کیا لیکن ناشتے کے فوراً بعد ملزمان نے گھر میں موجود خاتون خانہ شازیہ کو گولیاں ماریں جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔

 اسی دوران گھر کے باہر گلی میں کھیلتے ہوئے تاج محمدد جمالی کے 2 بیٹوں 5 سالہ ماجد اور 4 سالہ یاسین کو ڈھونڈ کر گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچہ ماجد جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایس پی کے مطابق تاج محمد جمالی نے 5 ماہ قبل خاندانی تنازع پر سندھ کے شہر شہداد کوٹ میں اپنے قریبی رشتے دار کو قتل کردیا تھا اور فرار ہو کر کراچی آگیا تھا جہاں وہ کرائے کے گھر میں مقیم تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مخالف فریق تاج محمد کے قریبی رشتہ دار ہیں، اہل خانہ نے ملزمان نواب اور دلدار کے خلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔

 پولیس کے مطابق ملزمان تاج محمد کو قتل کرنے کی غرض اور منصوبہ بندی سے گھر میں گھسے مگرگھر میں موجود نہ ہونے کی بنا پر تاج محمد کی جگہ خاتون اور بچوں کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں