ستمبر 2019 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ جلد ہی جنید خان اور منشا پاشا ایک رومانوی فلم میں کام کرتے دکھائی دیں گے اور دونوں نے اس بات کی تصدیق بھی کی تھی۔
ڈان سے بات کرتےہوئے منشا پاشا اور جنید خان نے اپنی آنے والی رومانوی فلم ’کہے دل جدھر‘ کے حوالے سے گفتگو کی تھی اور انہوں نے فلم کو اب تک کی سب سے منفرد فلم قرار دیا تھا۔
اگرچہ جنید خان نے اعتراف کیا تھا کہ فلم میں ایک پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے تاہم انہوں نے فلم کی مزید کہانی بتانے سے گریز کیا تھا۔
# یہ بھی پڑھیں: ’کہے دل جدھر‘ منشا پاشا اور جنید خان کی رومانوی کہانی
تاہم ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’کہے دل جدھر‘ ایک رومانوی فلم ہوگی۔
منشا پاشا نے بھی فلم کو انتہائی منفرد اور خاص قرار دیا تھا اور انہوں نے بھی فلم کی کہانی کو سراہا تھا۔
بعد ازاں ’کہے دل جدھر‘ کا پرومو پوسٹر بھی جاری کیا گیا تھا اور اب فلم کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا جسے دیکھ کر فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔
مختصر دورانیے کے ٹیزر میں جنید خان اور منشا پاشا سمیت فلم کی دیگر مرکزی کاسٹ کے مختصر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر میں منشا پاشا کو ایک صحافی جب کہ جنید خان کو ایک پولیس افسر کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: جنید خان کی اپنی پہلی فلم ‘کہے دل جدھر’
ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ منشا پاشا اور جنید خان اگرچہ پہلے سے ہی دوست ہوتے ہیں تاہم اپنے اپنے پروفیشن میں جانے کے بعد وہ دوستی بھلا کر اپنے پروفیشن کو اہمیت دینے لگتے ہیں۔
ٹیزر میں صحافیوں کو پیش آنے والی مشکلات دکھائے جانے سمیت پولیس افسران کو میڈیا کی وجہ سے ہونے والے مسائل کو بھی دکھایا گیا ہے۔
’کہے دل جدھر‘ کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی اور وہ فلم میں اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کی افسر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
عتیقہ اوڈھو نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اے این ایف کے یونیفارم میں تصویر شیئر کرتے ہوئے ’کہے دل جدھر‘ کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔
وجدان فلمز کی جانب سے بنائی گئی ’کہے دل جدھر‘ کی ہدایات جلال رومی نے دی ہیں جب کہ اس کی کہانی کامران باری نے لکھی ہے۔
فلم میں منشا پاشا اور جنید خان سمیت ساجد حسن جیسے اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
اگرچہ فلم کو ریلیز کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو رواں برس 20 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا۔