پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی کال پر پی ڈی ایم باہر نکلی ہے اور اب حکومت کو آخری دھکا لگانے کا وقت آگیا ہے۔
جاتی امرا سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پورے لاہور کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ آپ کی جو تکالیف اور مشکلات ہیں ہمیں ان کا پورا ادراک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی کال پر عوام نہیں نکلے بلکہ عوام کی کال پر پی ڈی ایم نکلی ہے اور اب حکومت کو آخری دھکا لگانے کا وقت آگیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں لاہور کے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کروں گی کہ وہ آج باہر نکلیں اور اس حکومت کو آخری دھکا لگائیں۔
دوران گفتگو قائد مسلم لیگ (ن) کے خطاب سے متعلق مریم نواز کا کہنا تھا کہ جی بالکل نواز شریف آج ضرور خطاب کریں گے اور ان کے خطاب کے بغیر لاہور کا جلسہ تو ہوگا ہی نہیں۔
استعفوں اور لانگ مارچ کے اعلان سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کی بات ہے۔
خیال رہے کہ 11 اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اپنی حکومت مخالف مہم کے سلسلے میں آج اپنا چھٹا جلسہ کرنے جارہی ہے۔
لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والا یہ جلسہ حکومت مخالف پی ڈی ایم تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ ہے، جہاں توقع ہے کہ آئندہ کی حکمت عملی کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حکومت مخالف جلسوں کا باقاعدہ آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ جلسے سے ہوا تھا جس کے بعد یہ اتحاد کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان میں جلسے کرچکا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر رہے کہ حالیہ برسوں میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مینار پاکستان پر ایک جلسہ کرنے جارہی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا یہ اس مقام پر پہلا جلسہ ہے۔
قبل ازیں آج کے جلسے کے لیے مسلم لیگ (ن) نے لاہور میں سیاسی حل چل دکھائی تھی اور مریم نواز نے 14 حلقوں میں کارنر میٹنگ بھی کیں تھی۔
پی ڈی ایم کیا ہے؟
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ، 20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والا 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو اپنے ’ایکشن پلان‘ کے تحت 3 مرحلے پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے ذریعے حکومت کا اقتدار ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔
ایکشن پلان کے تحت پی ڈی ایم نے رواں ماہ سے ملک گیر عوامی جلسوں، احتجاجی مظاہروں، دسمبر میں ریلیوں اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف ایک ’فیصلہ کن لانگ مارچ‘ کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے پہلے صدر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف سینئر نائب صدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اس کے سیکریٹری جنرل ہیں۔
اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اس اتحاد میں بڑی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں، تاہم جماعت اسلامی اس اتحاد کا حصہ نہیں ہے۔