حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزارت خزانہ نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 255 روپے 14 پیسے برقرار رہیں گی۔
31 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 35 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، ان اضافوں کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 38 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 255 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اس کے علاوہ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔
13 نومبر کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 16 نومبر سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر 4 سے 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان تھا۔ ذرائع کے مطابق، بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتوں میں گزشتہ 15 روز کے دوران بالترتیب 1.7 ڈالر اور 4.4 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیٹرول پر درآمدی پریمیم تقریباً 1 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکا ہے، اور موجودہ شرح تبادلہ اور ٹیکس کی بنیاد پر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 4 اور 5 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔